مفاد پرستوں نے حکمران جماعت کو ہائی جیک کر لیا، ہاشم رضا ایڈوکیٹ

September 18, 2021

پشاور(نمائندہ خصوصی) پشاور، چارسدہ ، ملاکنڈ ڈویژن، جنوبی اضلاع اور ہزارہ میں حکمران جماعت پی ٹی آئی اور دوسری سیاسی جماعتوں کے درجنوں رہنمائوں اور ہزاروں کارکنوں کی قومی وطن پارٹی میں شمولیت کے بعد پشاور میں قومی وطن پارٹی کے مرکزی جائنٹ سیکرٹری ہاشم رضا ایڈوکیٹ اور ہزارہ میں سابق صوبائی وزیر ابرار حسین تنولی کی طرف سے پی ٹی آئی کے ناراض رہنمائوں و کارکنوں اور دوسری سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں و کارکنوں سے رابطے شروع کر دیئے گئے ہیں۔ قومی وطن پارٹی کے مرکزی جائنٹ سیکرٹری ہاشم رضا ایڈوکیٹ نے پشاور میں پی ٹی آئی کے ناراض کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی طرف سے اقتدار میں آنے کے لئے 90روز میں تبدیلی لانے نیا پاکستان بنانے کی بھڑکی ماری گئی۔ عوام سے جھوٹے وعدے کئے گئے۔ نوجوانوں اور پی ٹی آئی کے کارکنوںکو سیاسی مفادات کے لئے قربانی کا بکرا بنایا گیا۔ اقتدار میں آنے کے بعد تین سال میں ایک بھی وعدہ پورا کر کے نہیں دکھایا جا سکا۔ تبدیلی لانے اور نیا پاکستان بنانے کی بجائے ملک کو تباہی سے دو چار کر دیا گیا۔ مہنگائی ختم کرنے کی بجائے مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا کرپشن ختم کرنے کی بجائے کرپشن کی سرپرستی کی جا رہی ہے پی ٹی آئی کو مفاد پرستوں اور لٹیروں نے ہائی جیک کر لیا ہے جبکہ نوجوانوں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے جبکہ کارکنوں کو کھڈے لائن لگا دیا گیا ہے مخلص و بے لوث کارکنوں کے لئے اب پی ٹی آئی میں رہنا ناممکن ہو گیا ہے۔