پاکستان نے امن کو فروغ دینے کیلئے بہت محنت کی ہے، شنیرا اکرم

September 21, 2021

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کا کہنا ہے کہ میں اب بھی اپنی بات پر قائم ہوں کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور پاکستان نے امن کو فروغ دینے کیلئے بہت محنت کی ہے۔

انہوں نے دورۂ انگلینڈ کی منسوخی پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔

شنیرا نے لکھا کہ ’میں اپنے الفاظ پر قائم ہوں ، قومی سلامتی کے لحاظ سے ، میں پاکستان میں مکمل طور پر محفوظ محسوس کرتی ہوں۔ ‘

انہوں نے لکھا کہ میں جانتی ہوں کہ ہم یہاں تک کتنی محنت کے بعد پہنچے ہیں، اور میں نے دیکھا ہے کہ ہم نے ایک پرامن قوم کو فروغ دینے کے لیے کتنی محنت کی ہے۔

شنیرا نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں یہ بھی کہا کہ اور یہ ایک محفوظ احساس ہے کہ جب آپ اُن 200 ملین لوگوں کے ساتھ ہیں جو سب ایک ہی چیز چاہتے ہیں اور وہ ہے امن!