امریکا نے جاپانی کھانے کی مصنوعات کی درآمد پر عائد پابندیاں ختم کردیں

September 23, 2021

ٹوکیو (اے پی پی)امریکا نے جاپانی کھانے کی مصنوعات کی درآمد پر سے تمام پابندیاں ختم کر دی ہیں ۔جاپانی ذرائع ابلاغ نے چیف کابینہ سیکرٹری کاٹسنوبو کاٹو کے حوالے سے بتایا کہ امریکا نے جاپان سے خوراک کی مصنوعات کی درآمد پر اپنی تمام پابندیاں ختم کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکانے 2011 کے سونامی سے فوکوشیما ایٹمی پلانٹ حادثے کے بعد سے فوکوشیما سمیت 14 جاپانی صوبوں میں پیدا ہونے والی کل 100 زرعی مصنوعات کی امریکی درآمد معطل کردی تھی، یورپی یونین نے بھی 20 ستمبر کو اعلان کیا تھا کہ وہ 10 اکتوبر سے جاپان میں اگائی جانے والی مشروم پر درآمدی پابندیوں میں نرمی کرے گی۔واضح رہے کہ فوکوشیما میں واقع ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی کے جوہری پاور پلانٹ میں ٹرپل پگھلنے کے بعد 55 ممالک نے جاپانی کھانے کی مصنوعات کی درآمد پر پابندی عائد کردی تھی۔