پنجاب میں ڈینگی کیسز میں اضافہ

September 23, 2021


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر سے 92 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں لاہور کے 64 اور اسلام آباد کے 13 کیسز شامل ہیں۔

محکمۂ صحت پنجاب کے مطابق رواں سال اب تک لاہور سے ڈینگی کے 687 کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں، صوبے بھر کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 58 جبکہ لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 31 مریض داخل ہیں۔

لاہور کے فاطمہ میموریل اور میؤ اسپتال میں 7، سروسز اسپتال میں 4 جبکہ گنگا رام اسپتال اور ڈاکٹرز اسپتال میں ڈینگی کے 3، 3 مریض داخل ہیں۔

ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں مزید 13 شہری ڈینگی کا شکار ہوئے ہیں جس کے بعد ڈینگی کے کل مریض 107 ہو گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈینگی کے 74 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جبکہ 2 افراد اس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

راولپنڈی کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 20 مریض، نشتر اسپتال ملتان، الائیڈ اسپتال فیصل آباد میں 1، 1مریض داخل ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے 828 کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں۔