آبسر میں خاتون کا قتل بلوچ نسل کش پالیسیوں کا تسلسل ہے ،شکیلہ نوید

September 24, 2021

کوئٹہ (آن لائن )بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے آبسر میں بلوچ خاتون کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ تاج بی بی کی شہادت بلوچ نسل کش پالیسیوں کا تسلسل ہے ، واقعہ کی غیر جانبدارنہ تحقیقات کرائی جائے ۔یہاں جاری ایک مذمتی بیان میں انہوں نے سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے تاج بی بی کی شہادت کو بلوچستان میں عشروں سے جاری نسل کشی و جارحانہ پالیسیوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہاکہ آبسر شاہ آباد میں مبینہ طور پر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی فائرنگ سے تاج بی بی بلوچ کی شہادت قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہاکہ آبسر میں ہونے والے حالیہ واقعہ سے قبل بلوچ نوجوان حیات بلوچ ، ملک ناز، کلثوم، کیدگ بلوچ اور دیگر کئی خواتین اوربلوچ نوجوانوں کا لہو ابھی تازہ تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اس ذہنیت کو تبدیل کی جائے جو بلوچ نسل کشی کو اپنی کامیابی سمجھتی ہیں ، انہوںنے آپسر واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ خاتون کے قتل سمیت دیگر واقعات میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے ۔