پاکستان نژاد اطالوی لڑکی ثمن عباس کاقتل، شبے میں چچا گرفتار

September 25, 2021

پیرس ( نیوز ڈیسک)پہلے سے طے شدہ شادی سے انکار کرنے والی گمشدہ پاکستان نژاد اطالوی لڑکی کے چچا کو لڑکی کو قتل کرنے کے شبہ میں گرفتار کر لیا گیا۔ثمن عباس کے چچا، دانش حسین کو یورپی وارنٹ کے تحت فرانس سے حراست میں لیا گیا۔دانش عباس مقتولہ کے ان پانچ پاکستانی رشتہ داروں میں سے ایک ہے جن کے بارے میں قتل کے شبہ میں تفتیش کی جا رہی ہے۔18 سالہ ثمن کو آخری مرتبہ اس برس اپریل کے اواخر میں شمالی اٹلی میں ان کے آبائی گھر کے آس پاس دیکھا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے ان کے گھر والے انھیں پچھلے سال ارینجڈ میرج کے لیے پاکستان لے کر جانا چاہتے تھے جس سے انھوں نے انکار کر دیا تھا۔اطلاعات کے مطابق وہ سوشل سروسز کی حفاظت میں رہ رہی تھیں مگر گزشتہ اپریل میں پارما کے قریب نوویلارا میں واقع اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھیں۔استغاثہ کا کہنا ہے کہ انھیں دھوکے سے گھر واپس لایا گیا تھا۔حکام کا خیال ہے کہ انھیں قتل کر دیا گیا ہے مگر پولیس کو اب تک ان کی لاش نہیں ملی ہے۔ وہ مئی سے نوویلارا کے کھیتوں میں ان کی باقیات تلاش کر رہے ہیں۔اطالوی پولیس نے لڑکی کے چچا دانش حسین کو سوشل میڈیا کے ذریعے سراغ لگا کر پیرس سے گرفتار کیا ہے۔