سی پیک بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے‘ سینیٹر ثمینہ

September 25, 2021

کوئٹہ (پ ر)پاک چین اقتصادی راہداری انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور اسکے دوسرے مرحلے میں اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں پاکستانی اور چینی کاروباری اداروں کی شراکت قائم کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جارہا ہے اور سی پیک کی ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا ،اس ضمن میں انہوں نے زراعت، ٹیکسٹائل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں چینی اور پاکستانی اداروں کی شراکت داری دونوں ممالک کے لئے انتہائی مفید ثابت ہوگی، اس لئے ان شعبوں کے مواقع پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے اور یہی وجہ ہے کہ دشمن نہیں چاہتا کہ سی پیک کامیاب ہولیکن پاک فوج اور دیگر سیکورٹی اداروں نے ہمیشہ وطن کی حفاظت اور مفادات کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے دے کر دشمنوں کے عزائم خاک میں ملائے اورانہی اداروں کی بھرپور کاوشوں کی بدولت بہت جلد سی پیک پایہ تکمیل کو پہنچے گا اور بلوچستان کے لئے ترقی کے نئے باب کھلیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اپنے محل وقوع کی بناء پر خطے میں نہایت اہمیت کا حامل ہے‘ یہاں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور صوبہ تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے ،سی پیک کے تحت منصوبوں کی تکمیل سے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔