اسد صدیقی بھی کورونا کا شکار

September 25, 2021

پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کے اداکار اسد صدیقی کو بھی عالمی وبا کورونا نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر جاری ایک اسٹوری میں اپنے کورونا میں مبتلا ہونے کے حوالے سے بتایا ۔

انہوں نے لکھا کہ میں کورونا کا شکار ہوگیا ہوں، تقریباً دو برس سے بچنے کے بعد آخر کار اس نے مجھے بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اپنی اسٹوری میں اداکار کا کہنا تھا کہ میں ویکسین کی دونوں ڈوز لگوا چکا ہوں، لیکن پھر بھی مجھے کورونا ہوگیا۔

اسد صدیقی کا کہنا تھا کہ ویکسین کا انہیں یہ فائدہ ہوا کہ کورونا کی علامات نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ ویکسین کی افادیت سے انکار ممکن نہیں ہے۔

اداکار نے لکھا کہ جو یہ سمجھتے ہیں کہ ویکسین ایک مذاق ہے وہ غلط ہیں، تو لہذا آپ ویکسین لگوائیں اور اپنی اور اپنے گھر والوں کی حفاظت کریں۔

اسد صدیقی نے کہا کہ مجھے دعاؤں میں یاد رکھیں اور قرنطینہ میں وقت گزاری کیلئے موویز ، ڈرامے، گیمز ، کی تجاویز دیں۔