حضرت داتا گنج بخش ؒ کا 978 واں عرس، تقریبات شروع

September 26, 2021

لاہور جن کی نسبت سے داتا کی نگری کہلاتا ہے، ان کا نام علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا صاحب ؒ ہے، داتا گنج بخش ؒ کے 978 ویں سالانہ عرس کی 3 روزہ تقریبات آج سے شروع ہو گئی ہیں۔

حضرت داتا صاحب تقریباً 1 ہزار سال قبل افغانستان سے لاہور تشریف لائے اور بھا ٹی دروازے کے قریب قیام فرمایا۔

اپنے اخلاق اور حُسنِ کردار سے غیر مسلموں کو گرویدۂ اسلام کیا، ان کی بے مثل تصنیف کشف المحجوب تصوف پر سند قرار دی جاتی ہے۔

داتا گنج بخش کے عرس کی تقریبات 26 تا 28 ستمبر جاری رہیں گی۔

داتا صاحبؒ کے عرس پر لنگر کے انتظامات مکمل ہیں، دودھ کی سبیلیں بھی لگائی جارہی ہیں، مٹھائیوں اور دیگر اشیاء کی دکانیں بھی سج گئیں۔

ابتدائی طبی امداد کے لے ڈسپنسری، زائرین کے لیے 3 درجاتی سیکیورٹی اور کورونا وائرس کی ایس او پیز کی پابندی کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔

عرس سے قبل تصوف پر عالمی کانفرنس منعقد کی گئی ہے جبکہ عرس کے دوران قرأت، نعت خوانی اور سماع کی محفلیں عروج پر ہوں گی۔