طاقت مسئلے کا حل نہیں‘ طلباءکے مطالبات تسلیم کئے جائیں‘ ن لیگ

September 27, 2021

کوئٹہ (پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ ،جنرل سیکرٹری نسیم الرحمٰن، آغا عمر شاہ، جنرل سیکرٹری کوئٹہ جاوید اقبال ،جنرل سیکرٹری پشین میر وائس کاکڑ ایڈووکیٹ، ارباب اقبال ،ذاکر بنگلزئی، ضمیر اختر، صابر راجپوت، لیاقت راجپوت، سلمان درانی، آصف حریفال، شاہ مسعود کاکڑ، نعیم جمال، عبداللہ بشیر احمد، عبدالمنان درانی، محمد دین اور رازق لالانے پی ایم سی ٹیسٹ کے خلاف طلباء و طالبات کی پرامن ریلی پر لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں پرامن احتجاج طلباء کا بنیادی حق ہے لیکن بلوچستان میں طلباء و طالبات کو پرامن احتجاج کرنے بھی نہیں دیا جارہا۔انہوں نے کہا کہ پی ایم سی ٹیسٹ کے خلاف ملک گیر احتجاج تھا لیکن ملک بھر میں طلباء و طالبات کے خلاف کوئی کریک ڈاوٴن اور نہ گرفتاریاں اورنہ لاٹھی چارج ہوا لیکن کوئٹہ میں حکومت نے رات بھر پرامن احتجاج پر بیٹھے طلباء پر حملہ کرکے انہیں گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ پرامن طریقے سے حل کیا جائے ۔ انہوں نے بیان میں مزید کہا کہ سوئی گیس و دیگر محکموں سے نکالے گئے ملازمین کو فوری بحال کیا جائے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) طلباء اور ملازمین کے ساتھ ہے۔انہوںنے بیان میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ اس وقت 45لاکھ آبادی کاشہر ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ایک ضلع پر مشتمل شہر میں انتظامیہ نہ ہونے کے برابر ہے ترقیاتی کاموں کے فقدان کی وجہ سے بھی کافی مشکلات درپیش ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ کوئٹہ کو انتظامی لحاظ سے تین ڈسٹرکٹ میں تقسیم کیا جائے اور میٹروپولیٹن ،میونسپل کمیٹی آبادی کے لحاظ سے بنائی جائے خاص کر صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں میں آبادی کے حساب سے اضافہ کیا جائے ۔