عائشہ خان کی بیٹی کیساتھ مدّت بعد ویڈیوز وائرل

September 27, 2021

شادی کے بعد شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی پاکستان کی سابقہ اداکارہ عائشہ خان نے اپنی بیٹی کے ہمراہ نئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔

سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک نہ رہنے والی سابقہ اداکارہ عائشہ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی بیٹی ’ماہ نور‘ اور شوہر ’میجر عقبہ‘ کے ہمراہ اپنی نئی ویڈیوز شیئر کی ہیں۔


انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عائشہ خان اپنی فیملی کے ہمراہ تصویر لینے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن کسی نہ کسی وجہ سے تصویر خراب ہو رہی ہے۔

ویڈیو میں کبھی عائشہ خان کی بیٹی تصویر لیتے ہوئے بھاگ رہی ہے تو کبھی تصویر لینے کے دوران اُن کے شوہر میجر عقبہ کو چھینک آجاتی ہے۔

عائشہ خان نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’میں جب بھی اپنی فیملی کے ساتھ تصویر لینے کی کوشش کرتی ہوں تو یہ ہوتا ہے۔‘

اُنہوں نے صرف 11 گھنٹے پہلے ہی یہ پوسٹ انسٹاگرام پر شیئر کی ہے جسے اب تک 52 ہزار سے زائد صارفین لائک کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ 15 اپریل 2018ء کو عائشہ خان اور میجر عقبہ ایک سادہ مگر پُر وقار تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے جس میں عزیز و اقارب سمیت قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔

اُن کے ہاں سال 2019 میں 12 ربیع الاول کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے ’ماہ نور‘ رکھا۔

عائشہ خان نے 2000ء میں پاکستان کی میڈیا انڈسٹری میں قدم رکھا اور کئی کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں مہندی، وصل، خدا زمین سے گیا نہیں ہے، پارسا، خدا میرا بھی ہے، من مائل، وہ ایک پل اور دیگر شامل ہیں۔

اداکارہ نے 18 سال کے کامیاب میڈیا کیریئر کے بعد میڈیا انڈسٹری کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا جس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا تھا۔

دوسری جانب اُن کے شوہر میجر عقبہ پہلے پاکستانی ملٹری آفیسر ہیں جنہوں نے آر ایم اے ایس میں پلاٹون کمانڈر کی حیثیت سے فرائض انجام دیئے اور اعزازی تلوار بھی جیتی۔