• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برٹش ایئرویز کا مسافروں کے 20 ہزار سے زائد بیگز نہ ملنے پر 10 ملین پاؤنڈز کا مطالبہ

مانچسٹر: برٹش ایئرویز نے ہیتھرو حکام سے مسافروں کے 20 ہزار سے زائد بیگز نہ ملنے پر 10 ملین پاؤنڈز کی خطیر رقم کا مطالبہ کردیا۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹیو شان ڈوئل نے مبینہ طور پر ہوائی اڈے پر اپنے ہم منصب تھامس وولڈ بائی کو خط لکھا جس میں ٹرمینل 5 بی اے کے مرکز پر سامان کا نظام خراب ہونے کے بعد معاوضے کی درخواست کی۔

انہوں نے وولڈ بائی سے اس یقین دہانی کا بھی مطالبہ کیا کہ ٹرمینل میں سسٹم کی خرابیوں کا اعادہ نہیں کیا جائے اور ہنگامی منصوبے تیار کیے جائیں۔

خط میں کہا گیا کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے مسافروں کی بہت بڑی تعداد اپنے بیگز کے انتظار کیلئے قطاروں میں گھنٹوں کھڑے رہے یا بغیر بیگز کے گھروں کو چلے گئے۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ بہت بڑی تعداد کو اس امر کا بعد میں پتہ چلا کہ انکے بیگز جہاز میں لوڈ ہی نہیں کیے گئے تھے۔ رواں سال میں پانچویں مرتبہ مسافروں کے سامان کے نظام میں سنگین مسائل سامنے آئے ہیں۔

کہا جارہا ہے کہ اس امر سے برٹش ایئر ویز کی ساکھ کو شدید دھچکا لگا اور دس ملین پاؤنڈ کا نقصان ہوا ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ فروری میں تعطیلات کے دوران تقریباً 7 ہزار اور ایسٹر پر تقریباً چار ہزار بیگز مالکان متاثر ہونے کی شنید ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید