سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کی عدالتی درخواست پر ردعمل دیا ہے۔
ایک بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کسی بھی طرح کے کیس یا عدالتی کارروائی کے ساتھ نہ میرا تعلق ہے اور نہ ہی عمل دخل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے حکم پر وزارتِ اعلیٰ کے استعفے کی ہدایات پر عمل درآمد سے اپنا فرض ادا کیا۔
واضح رہے کہ شیر افضل مروت نے آج وفاقی آئینی عدالت اسلام آباد میں دائر درخواست میں کہا تھا کہ علی امین گنڈاپور کے استعفیٰ کو غیر آئینی اور کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست میں کہا تھا کہ علی امین گنڈاپور کو ڈی نوٹیفائی کرنا غیرقانونی اور آئین سے متصادم ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے عہدے سے استعفیٰ ایک سزا یافتہ نااہل فرد واحد کی ڈکٹیشن پر لیا گیا۔
شیر افضل مروت کی درخواست میں سہیل آفریدی کی بطور وزیراعلیٰ تقرری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔