مختلف حادثات و واقعات میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق، ایک زخمی

September 28, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مختلف علاقوں میں حادثات وواقعات میں خاتون سمیت 5افرادجاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق عزیز آباد تھانے کی حدود ایف بی ایریا بلاک دو بھنگوریہ کالونی میں قائم قادریہ مسجد کے قریب کام کرنے کے دوران کرنٹ لگنے سے مزدور جاں بحق ہوگیا جسکی شناخت محمد یامین ولد عبد العزیز کے نام سے ہوئی۔ شاہ فیصل کالونی ڈرگ روڈ کینٹ بازار پتگ چوک کے قریب بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے کے باعث ایک شخص جاں بحق ہوگیا متوفی کی شناخت35 سالہ راجا کے نام سے ہوئی ۔ پولیس کے مطابق متوفی بجلی کے پول پر کام کررہا تھا جب واقعہ پیش آیا ۔شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد نصرت بھٹو کالونیF11بس اسٹاپ کے قریب بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے ایک شخص شدید زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ،زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 30 سالہ خان محمد ولد شاہ ولی کے نام سے ہوئی جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔سائٹ اے ایریا تھانے کی حدود سائٹ سیمنس چورنگی کے واقع کمپنی کے کے اندر کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔ متوفی کی شناخت 31 سالہ اسماعیل ولد محمد مختیار کے نام سے ہوئی پاک کالونی تھانے کی حدود میوہ شاہ قبرستان کے قریب مکان سے 35سالہ احمدخان کی پھندا لگی لاش ملی ، پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ متوفی نشے کا عادی تھا اور اس نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر گلے میں پھندا لگا کر خود کشی کی ہے ۔ عید گاہ تھانے کی حدود بوہرہ پیر میں نجی بینک کے قریب رہائشی عمارت کی بالکونی سے گر کر خاتون 45سالہ انیسہ جاں بحق ہوگئی ۔پولیس نے بتایا کہ متوفیہ گھر کی بالکونی میں کھڑی تھی کہ اچانک گر گئی۔