سرکلر ریلوے کا دوبارہ سنگ بنیاد رکھنا عوام کیساتھ مذاق ہے، حافظ نعیم

September 28, 2021

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کراچی نیو سرکلر ریلوے سنگ بنیاد رکھنے اور اس موقع پر ان کے خطاب پر اپنے رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے ایک بار پھر سرکلر ریلوے کے پرانے منصوبے کو نیا ظاہر کر کے سنگ بنیاد رکھ کر کراچی کے عوام کے ساتھ مذاق ہے، وفاقی وزیر شیخ رشید گزشتہ سال اس سرکلر ریلوے کا افتتاح کر چکے ہیں، وزیر اعظم عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے بجائے 11سو ارب روپے کے پیکیج کا حساب دیں، وزیر اعظم جواب دیں ایک سال قبل کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں جن منصوبوں اور پروجیکٹیس کا اعلان کیا تھا ان میں سے کتنے منصوبوں پر کام شروع ہوا، چند نالوں کی صفائی کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کی کامیابی اور اس پلان کو مکمل قرار دینا کراچی کے گھمبیر مسائل سے لاتعلقی اور لا علمی کا منہ بولتا ثبوت ہے، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم کا کراچی میں پانی کے حوالے سے یہ کہنا کہ K-4سے دو سال میں پانی ملنا شروع ہو جائے گا، اہل کراچی کس طرح یقین کریں گے کہ جب وفاقی حکومت نے تین سال گزر جانے کے باوجود K-4کی تکمیل کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا۔