اسمائے مُقدّسہ کی تعظیم (گزشتہ سے پیوستہ)

October 08, 2021

تفہیم المسائل

امام اہل ِسنّت امام احمد رضا قادریؒ لکھتے ہیں: ’’جس انگوٹھی پر اللہ عزوجل یا اُس کے حبیب پاک کا نام مکتوب ہو ،اُسے پہن کر بیت الخلاء جانے کی ممانعت ہے اور شک نہیں کہ وقتِ استنجاء اُس انگشتری کا کہ جس پر اللہ عزوجلّ یا نبی اکرمﷺ کا نامِ پاک ہو یا کوئی مُتبرّک لفظ ہو ، اتار لینا صرف مستحب ہی نہیں ، قطعاً سنّت اور اُس کا ترک ضرور مکروہ ہے بلکہ کچھ لکھا ہو ،حروف کا ادب چاہیے ،ردالمحتار میں ہے : ہمارے ہاں حروف کی بھی حُرمت وعزت ہے ،اگرچہ وہ حروفِ تَہَجّی ہوں،(فتاویٰ رضویہ ، جلد1،ص:171)‘‘۔ صدر الشریعہ علامہ امجدعلی اعظمی لکھتے ہیں: ’’ قرآن مجید جس صندوق میں ہو،اُس پر کپڑا وغیرہ نہ رکھاجائے ، اُس کی طرف پیٹھ نہ کی جائے ، نہ پاؤں پھیلائے جائیں ،نہ پاؤں کو اُس سے اونچا کریں ، نہ یہ کہ خود اونچی جگہ پر ہو اور قرآن مجید نیچے ہو ‘‘۔نیز لکھتے ہیں:ــ’’ جس کاغذ پر اللہ کا نام لکھا ہو ،اُس میں کوئی چیز رکھنا مکروہ ہے ، (بہارِ شریعت ،جلدسوم، ص:495-96)‘‘۔نتیجہ یہ کہ جب کسی پاک چیز کا رکھنا مکروہ ہے ، تو نجاست کا رکھنا کس قدر قبیح ہوگا ۔

سوال یہ ہے کہ برطانیہ میں پاکستانی مسلمانوں کی تیسری چوتھی نسل چل رہی ہے ، اس سے پہلے وہاں مسلمانوں کا معاملہ کیا ہے، وہاں ہمارے ثِقہ علماء ومفتیانِ کرام کافی تعداد میں ہیں،انہوں نے کیارہنمائی کی ہے، کیونکہ یہ پہلے شخص تونہیں ہیں کہ جن کے نام کا سابقہ یا لاحقہ ’’محمد ‘‘ ہے، ہمارے ہاں ہاسپیٹل یا لیبارٹری میں مریض کا رجسٹریشن نمبر درج کردیاجاتا ہے اورآج کل تو Barcode کا استعمال بے تحاشا ہے ، لیبارٹری یا ہاسپیٹل انتظامیہ سے درخواست کرکے Urine Sampleکی بوتل پر بآسانی رجسٹریشن نمبر یا بار کوڈ درج کیاجاسکتا ہے ، اپنے آپ کو ابتلا سے بچائیں ۔

اپنے مالی وتجارتی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔

tafheemjanggroup.com.pk