T-20ورلڈ کپ، سب سے بڑی ٹیم کیساتھ ”جیونیوز“ پر

October 17, 2021

کراچی (جنگ نیوز) انتظار کی گھڑیاں ختم!! آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2021ء کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز اتوار سے ہوگا۔ ایونٹ کے مقابلے متحدہ عرب امارات اور عمان میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل میچ 14 نومبر/ کو دبئی میں ہوگا۔ کرکٹ کی دُنیا کا سب سے بڑا، جوش، ہوش اور مدھوش کر دینے والا سنسنی خیز مقابلہ 24/اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستان کے سب سے بڑے نیوز چینل ”جیونیوز“ نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی شائقین کرکٹ کیلئے خصوصی نشریات کا اہتمام کیا ہے جس میں کرکٹ کے ماہرین کی سب سے بڑی ٹیم ناظرین کے ساتھ ہوگی۔ اس ٹرانسمیشن کے دوران جملوں کے چھکے بھی لگیں گے اور دعوؤں کی وکٹیں بھی گریں گی۔ کرکٹ کے نامور پنڈت ایونٹ کے دوران ہر میچ سے پہلے اپنے تجزیئے، تبصرے اور تجربات بیان کریں گے۔ عالمی شہرت یافتہ کرکٹر انضمام الحق، توصیف احمد، مشتاق احمد، سہیل تنویر، وومن کرکٹ ٹیم سے مرینہ اقبال جبکہ اسپورٹس جرنلسٹ عالیہ رشید، ماجد بھٹی، سابق کرکٹر اور تجزیہ کار سکندر بخت اور معروف اسپورٹس اینکر یحییٰ حسینی، دانش انیس، فاطمہ سلیم اور شہزاد اقبال بھی خصوصی نشریات کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر مشتمل برق رفتار کرکٹ کا مزہ دوبالا کرنے کے ساتھ شائقین کا جوش اور ولولہ بڑھانے کیلئے دلچسپی سے بھر پور ”کرکٹ“ اور ”انٹرٹینمنٹ“ کا سب سے بڑا پروگرام ”جشن کرکٹ“ ایک با رپھر ”جیونیوز“ پر رونقیں دوبالا کرے گا۔ ”جشن کرکٹ“ روزانہ رات 11 بجکر 5 منٹ شروع ہوگا۔ ”جشن کرکٹ“ میں پاکستان کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر، کرکٹ کے سکندر سکندر بخت اور قہقہوں کے شہزادے علی میر بھی اپنی باتوں سے خوب رونق لگائیں گے۔ کرکٹ کے سنسنی خیز مقابلوں پر دلچسپ تجزیئے، تبصرے اور قہقہوں کی برسات لئے یہ شاندار پروگرام اینکر پرسن شہزاد اقبال کی میزبانی میں ورلڈ کپ کے اختتام تک جاری رہے گا۔