موسم سرما میں گیس کی قیمتیں اور بڑھیں گی، جم ریٹ

October 17, 2021

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) برطانیہ کے معروف صنعت کار جم ریٹ کلف نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ میں موسم سرما میں گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے اگر گیس کی قلت برقرار رہی تو صنعتیں بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ مینو فیکچرنگ دیوانیوس کے بانی نے کہا کہ برطانیہ میں گیس کے ذخیرے کی کمی کی وجہ سے صنعتوں کی بقا خطرے میں پڑ گئی ہے، صنعت کار سر جم ریٹ نے کہا کہ موسم سرما کے دوران شدید سردی پڑنے کی صورت میں سپلائی کی مانگ میں حیرت انگیز طور پر اضافہ ہوگا جس سے مسائل جنم لیں گے۔ یہ خدشات اور تبصرے ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب گیس اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث دو بڑی کمپنیاں ڈیفالٹ کرگئیں۔ سر جم ریٹ نے کہا کہ میرے خیال میں یہ اندازہ لگانا کافی مشکل ہے کہ موجودہ صورت حال کب تک جاری رہے گی تاہم موسم سرما میں یہ بحران جاری رہتا نظر آرہا ہے کیونکہ ظاہری طور پر گیس کی مانگ میں مستقل اضافہ ہورہا ہے، گیس برطانیہ کی معیشت کے لیے ایک اہم ضرورت ہے۔ برطانیہ کے پاس صرف 10دن کا ذخیرہ ہے ، موسم سرما کے دوران بوڑھے لوگ جنہیں حرارتی نظام کی اشد ضرورت رہتی ہے کو گیس کی قلت سب سے زیادہ متاثر کرے گی، ایچ جی وی ڈرائیورز کی شدید قلت سے سپر مارکیٹوں میں خوراک کا بحران بھی روز بروز شدت اختیار کررہا ہے، یہ امر قابل ذکر ہے کہ برطانیہ میں ڈرائیورز کی قلت، سپلائی چین متاثر ہونے اور قیمتوں میں اضافے کے باعث متوسط طبقہ سخت پریشان ہے ۔ ایک سروے کے مطابق بڑی تعداد میں لوگ اپنے اخراجات کو کنٹرول کرچکے ہیں، 60فیصد لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ ماہ سے اپنے اخراجات میں کمی کرچکے ہیں جب کہ57فیصد کا موقف ہے کہ وہ اگلے تین ماہ تک ایسا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، 13فیصد لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ ماہانہ ادائیگیاں کرنے کے معاملات میں بہت فکرمند اور پریشان ہیں۔