یورپی یونین میں 591 ملین کوویڈ ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ جاری

October 18, 2021

یورپین یونین کی رکن ریاستوں نے 591 ملین ای یو ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ جاری کیے ہیں جو دنیا کے 4 براعظموں کے 43 ممالک میں اس وقت تک قبولیت حاصل کر چکے ہیں۔

یہ بات کوویڈ-19 ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ اور اس کے یورپین یونین میں نفاذ کےحوالے سے یورپین کمیشن کو پیش کی جانے والی ایک رپورٹ میں بتائی گئی۔

یورپین کمیشن کے مطابق رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ یورپین یونین کا کوویڈ-19 سرٹیفکیٹ وبائی امراض کے جواب میں ایک اہم عنصر رہا ہے۔

اس سرٹیفکیٹ میں متعلقہ شخص کی ویکسینیشن، ٹیسٹ اور بیماری سے صحتیابی کی صورت میں تمام معلومات ایک ہی جگہ فراہم کی گئی ہیں۔

کمیشن کے مطابق یہ سرٹیفکیٹ نہ صرف شہریوں کیلئے محفوظ سفر کی سہولت فراہم کرتا ہے بلکہ یہ یورپ کی سخت متاثرہ سیاحت کی صنعت کی مدد کیلئے بھی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

یورپین کمیشن کے مطابق یہ واحد نظام ہے جس میں دنیا کے 4 براعظموں کے 43 ممالک شامل ہیں اور جس نے بین الاقوامی سطح پر ایک معیار قائم کیا ہے۔

کمیشن نے امید ظاہر کی ہے کہ آنے والے دنوں اور ہفتوں میں اور ممالک بھی اس نظام میں شمولیت اختیار کر لیں گے۔

دوسری جانب دی ایسوسی ایشن آف ایئر پورٹس کونسل انٹرنیشنل نے اس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بروقت قرار دیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق جولائی 2021 میں گذشتہ سال کے مقابلے میں ایئرپورٹس پر مسافروں کی موجودگی دو گنا ہو چکی ہے۔ اس حوالے سے یورپین پارلیمنٹ کی جانب سے کیے جانے والے ایک سروے میں 65 فیصد شرکاء نے خیال ظاہر کیا کہ یہ سرٹیفکیٹ یورپ میں آزادانہ محفوظ سفر کیلئے ایک اہم ذریعہ ہے۔