• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت 4 دسمبر تک ملتوی

Nawaz Sharif Appears In Accountability Court

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف 3 نیب ریفرنسز کی سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی، نیب پراسیکیوٹرز نے عدالت سےمقدمے کے گواہوں کے بیانات قلمبندکرنے پر اصرار کیا۔

عدالت نے نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی آج عدم دستیابی کی وجہ سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کر لی۔

احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد ریٹائرد کیپٹن محمدصفدر کی پیش ہوئے، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 3 نیب ریفرنسز پر سماعت کی۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں3ریفرنسز کو یکجا کر کے ایک فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کر رکھی ہے، ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے، اگر عدالت سمجھے کہ ہماری وجہ سے تاخیر ہوئی تو ہم پیر کے روزسے مسلسل 3دن پیش ہو جائیں گے، فیصلہ اسی ہفتے آنے کا امکان ہے، اس لئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی جائے۔

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ہم بھی غیر ضروری تاخیر نہیں چاہتے۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا کہ ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے۔ ٹرائل پر حکم امتناع نہیں دیا، ٹرائل چلنا چاہئے، عدالت نے یہ نہیں بتایا کہ کب فیصلہ سنایا جائے گا، ہو سکتا ہے فیصلہ دو ماہ میں بھی نہ آئے۔

جج نے ملزمان کے وکیل سے استفسارکیا آپ نے تینوں ریفرنسز میں ایک فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کی ہے؟

نواز شریف کے وکیل نے جواب دیا ہم نے کم از کم دو ریفرنسز کو یکجا کر نے کی استدعا بھی کر رکھی ہے۔

جج محمد بشیر نے کہا پھر ہم پیر کو ایک اور گواہ بھی بلا لیتے ہیں۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ پہلے سے بلائے گئے گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہونے دیں۔

نواز شریف کے وکیل نے کہا کہ نیب کے پاس گواہ ہی ختم ہو گئے ہیں، تفتیشی افسر کے سوا کوئی مرکزی گواہ نہیں۔

عدالت نے استفسارکیا کہ خواجہ حارث کہاں ہیں؟

معاون وکیل نے بتایا کہ خواجہ حارث سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، آج پیش نہیں ہو سکتے۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے کہا پھر تو سماعت ملتوی کرنے کی درخواست میں یہ استدعا ہونی چاہئے تھی۔

عدالت نے نواز شریف کی جانب سے التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے مزید سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین