• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دشمن بزدلانہ اقدامات میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا، سربراہ پاک فضائیہ

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ ہم پاکستان کے دشمنوں کو خبردار کررہے ہیں کہ وہ اپنے بزدلانہ اقدامات میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے اور پاکستان اللہ کی مہربانی سے ترقی کی راہ پر ہر صورت گامزن رہے گا۔

پی اے ایف بیس کورنگی کریک میں ائیرو اپرینٹیسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان مہمانِ خصوصی تھے۔

ائیر چیف مارشل سہیل امان کی پریڈ اسکوائر آمد پر ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ، ایئر وائس مارشل حسیب پراچہ نے ان کا استقبال کیا۔

سہیل امان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ جدید اور ملکی ساختہ ہتھیاروں کے نظام ، راڈار اور اعلیٰ جنگی آلات سے لیس ہے جو کہ ہر طرح کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے موزوں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ بین الاقوامی فضائی معیار کے بہترین پیشہ ورماہرین کو تیار کرنے کے لئے انہیں جدید خطوط پر تربیت فراہم کررہی ہے۔

ائیر چیف نے پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے منفرد اور جدید تعلیمی اور عملی تربیت کا نظام متعارف کروایا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ نئی تربیتی اسکیم پاک فضائیہ کے قیمتی اثاثہ جات کی تکنیکی ضروریات کو ہر لحاظ سے پورا کرے گی۔

تقریب کے آخر میں ائیر چیف نے ائیرو اپرینٹسز کو یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقت میں انہیں سخت چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا لیکن اللہ پر یقین اور خود اعتمادی کے ساتھ وہ ہر مشکل پر قابو پا سکتے ہیں ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آپ اپنے وقت اور توانائیوں کو اپنے پیشے اور کام کے لیے وقف کریں گے اور اپنے اپنے شعبہ جات میں بھر پور مہارت حاصل کرنے کے مصمم جذبے کے ساتھ کام کریں گے۔

ائیرو اپرینٹیسز کورس میں پاک نیوی اور دوست ممالک کے ٹیکنیشنز سمیت 782 ائیرو اپرینٹسسز نے کامیابی سے اپنی تکنیکی تربیت مکمل کی۔ مہمان خصوصی نے پاس آؤٹ ہونے والے ائیرو اپرینٹسسزمیں کل 7 ٹرافیاں تقسیم کیں۔

 

ائیرو سپیس ٹیکنالوجی میں اصغر خان ٹرافی ائیرویپن ٹیکنیشن محمد ارسلان باجوہ کو دی گئی جبکہ نور خان ٹرافی ائیر کرافٹس مین محمد عثمان نے حاصل کی۔

ائیرو سپورٹ ٹیکنالوجی کی ظفر چوہدری ٹرافی اسکول آف ائیرو ناٹیکس کے ائیر کرافٹ میں نعمت اللہ کو دی گئی جبکہ ائیرو سپورٹ ٹیکنالوجی کی رحیم خان ٹرافی اسکول آف الیکٹرانکس کے ائیر کرافٹ مین عامر دانش نے حاصل کی۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کے حامل غیر ملکی زیر تربیت سری لنکا کے لیڈنگ ائیر کرافٹ مین امارا کون کو دی گئی جبکہ جنرل سروس ٹریننگ کی بیس کمانڈر ٹرافی ائیر کرافٹس مین بیس سارجنٹ محمد عثمان اشفاق نے جبکہ مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی چیف آف ائیر اسٹاف ٹرافی ائیر کرافٹس مین محمد عثمان نے حاصل کی۔

ائیر کموڈور ابراہیم اسد، بیس کمانڈر کورنگی کریک بھی اس تقریب میں موجود تھے۔

تازہ ترین