لاہور (ایجنسیاں) محکمہ خوراک نے پنجاب کے شہر رحیم یار خان سے 900من چینی غیر قانونی طور پر کوئٹہ منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی،محکمہ خوراک نے چاچڑاں شریف کے قریب ٹول پلازہ پر ٹرک قبضے میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کا چینی کی سمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ محکمہ خوراک نے جے ڈی ڈبلیو شوگر مل یونٹ 1رحیم یار خان سے900من چینی غیر قانونی طور پر کوئٹہ منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ سپیشل برانچ کی رپورٹ پرمحکمہ خوراک نے پولیس کے ہمراہ کارروائی کی اور ٹرک کو چاچڑاں شریف کے قریب ٹول پلازہ پر قبضے میں اور ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا ۔ تاختانی بائی پاس کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے گرفتار ڈرائیور اسماعیل سے تفتیش جاری ہے۔