صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 12 ربیع الاوّل کے پر مسرت و مبارک موقع پر پاکستانی قوم اور ملتِ اسلامیہ کو مبارک باد پیش کی ہے۔
یہ مبارک باد صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے 12 ربیع الاوّل کے مبارک موقع پر جاری کیئے گئے پیغام میں پیش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ نے ہمیں خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کا اُمتی ہونے کا شرف بخشا، اللّٰہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر مبعوث فرمایا۔
صدرِ مملکت کا کہنا ہے کہ آپ ﷺ کی اطاعت و فرماں برداری ہی دونوں جہانوں میں کامیابی کی کنجی ہے، حضور ﷺ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو تمام انسانوں کی طرف بشیر، نذیر، سراجِ منیر اور رحمۃ للعالمین بنا کر بھیجا ہے۔
صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا ہے کہ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے قبائلی عصبیت و قومیت کے بتوں کو پاش پاش کیا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت کی پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے طرز کی مثالی فلاحی مملکت بنانے کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں۔