• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: بنگلادیش کا عمان کو جیت کیلئے 154 رنز کا ہدف

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں کوالیفائنگ راؤنڈ کے اہم میچ میں بنگلادیش نے عمان کو جیت کے لیے 154 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

الامارات کرکٹ گراؤنڈ مسقط میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 

عمان نے اپنے سے کئی زیادہ تجربہ کار بنگلادیشی ٹیم کے ابتدائی دو بلے باز لٹن داس اور مہدی حسن کو 21 کے مجموعے پر ہی آؤٹ کردیا تھا۔ 

بعد ازاں تجربہ کار شکیب الحسن نے نوجوان بیٹسمین محمد نعیم کے ہمراہ 80 رنز کی شاندار شراکت بنا کر ٹیم کو پریشانی کے بھنور سے نکال دیا۔ 

اس مجموعے پر شکیب الحسن 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، تاہم محمد نعیم نے اپنا روایتی کھیل جاری رکھا۔ 

تاہم دوسرے اینڈ سے عمان نے وکٹیں لینے کا سلسلہ شروع کیا تو 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے محمد نعیم بھی دباؤ میں آکر پویلین لوٹ گئے۔ 

اننگز کے آخری لمحات میں محموداللہ کے 17 رنز کی بدولت بنگلادیش کی ٹیم 153 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ 

عمان کی جانب سے بلال خان اور محمد نعیم نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کلیم اللہ نے دو اور زیشان مقصود نے ایک وکٹ لی۔ 

واضح رہے کہ یہ میچ بنگلادیش کے لیے مارو یا مرجاؤ کی حیثیت رکھتا ہے، اس میں ناکامی کی صورت میں بنگلادیشی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔

گزشتہ میچ میں اسکاٹ لینڈ نے بنگلا دیش کو اپ سیٹ کرتے ہوئے 6 رنز سے شکست دی تھی۔

تازہ ترین