بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے سیاحتی مقام مسوری میں اپنے شوہر سومیا سری چرن کے ساتھ ہنی مون پر آئی 27 سالہ آئی ٹی انجینئر خاتون پی رادھا گائیتری پراسرار حالات میں مردہ پائی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جوڑا 14 جون کی رات ایک ہوم اسٹے میں ٹھہرا تھا۔
شوہر کے بیان کے مطابق دونوں رات بھر جاگ رہے تھے، رات میں باہر کھانا کھایا، سیر کرتے رہے اور شراب نوشی بھی کی، دونوں صبح ہونے پر سو گئے، بیدار ہونے پر اس نے اپنی اہلیہ کو کمرے کے فرش پر بے ہوش حالت میں پایا جبکہ اس کی ناک سے خون بہہ رہا تھا۔
پی رادھا گائیتری کے شوہر کی شکایت پر پولیس اور ایمبولینس موقع پر پہنچیں جہاں طبی عملے نے خاتون کو مردہ قرار دے دیا، کمرے سے شراب کی خالی بوتلیں، کھانے پینے کی اشیاء اور خون آلود چادر بھی برآمد ہوئی ہے۔
پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کا انتظار ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔