اے آر وائی چینل نے بے بنیاد الزامات لگانے پر اسحاق ڈار سے برطانوی عدالت میں معافی مانگ لی، عدالت نے ٹی وی کو حکم دیا کہ اسحاق ڈار سے معافی نامہ بار بار نشر کیا جائے۔
اے آر وائی نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر اربوں روپے چرانے ، برطانیہ میں خفیہ اکاؤنٹس رکھنے اور دھمکیوں کے الزامات لگائے تھے۔
پروگرام کے میزبان کی طرف سے لگائے گئے الزامات پر بھی معافی مانگ لی گئی، احتساب کے لیے وزیراعظم کے مشیر کے پروگرام میں دیے گئے بیان پر بھی معافی مانگی گئی۔
برطانوی عدالت میں ٹی وی چینل نے اعتراف کیا کہ ان کی جانب سے اسحاق ڈار پر لگائے گئے الزامات جھوٹے، من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔
دوسری جانب اپوزيشن لیڈر اور مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اے آر وائی کی جانب سے اسحاق ڈار پر لگائے گئے غلط اور من گھڑت الزامات پر معافی مانگنے سے ثابت ہوگیا کہ کس طرح نواز شریف ، ان کے خاندان اور ساتھیوں کے خلاف پروپیگنڈا کرکے انہیں بدنام کیا گيا۔
مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ تین سال کے انتقام کے بعد سچ سامنے آگیا ۔