• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانوں کی پاکستان آمد سے متعلق گیٹ پاس کی شرط ختم کر دی ہے، وزیرخارجہ



وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانوں کی پاکستان آمد سے متعلق گیٹ پاس کی شرط ختم کردی ہے، افغانستان سے میڈیکل اور ایمرجنسی کیسز کے لیے ویزا آن ارائیول کردیا گیا ہے۔

کابل سے واپسی پر اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانوں کے لیے ویزا آن لائن سہولت پر نادرا کے سروس چارجز 31 دسمبر سے ختم کردیے ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ افغان تاجروں کو پاکستان کے لیے ویزا آن ارائیول کردیا ہے، پاکستانی سفارت خانہ افغان تاجروں کو 5 سال کا ملٹی پل ویزا دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان باشندوں کے سرحد پر پی سی آر ٹیسٹ ختم کر دیے گئے ہیں، افغان قیادت کو سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ درپیش ہے، افغان حکومت کو ابھی تک کسی ملک نے تسلیم نہیں کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں ایک روزہ دورے پر کابل گیا، کابل میں طالبان قیادت سے طویل ملاقاتیں ہوئیں، وزیر اعظم ملا حسن اخوند اور دیگر طالبان وزراء سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کابل میں دوسری افغان اعلیٰ شخصیات سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی، حامد کرزئی، عبداللّٰہ عبداللّٰہ اور گلبدین حکمت یار سے ٹیلی فون پر بات ہوئی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تجارت، سیکیورٹی، پروازوں، سرحدی معاملات اور کئی امور پر بات ہوئی، افغان رہنماؤں سے ملاقاتیں تسلی بخش اور دوستانہ ماحول میں ہوئیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ افغان قیادت پاکستان کے کردار اور کاوشوں کی معترف تھی، کابل کی نشست کے بعد ایک افغان وفد پاکستان آئے گا، کاسا 1000، ٹاپی اور ٹرانس نیشنل منصوبوں کی افغان قیادت نے حمایت کی۔

تازہ ترین