کراچی، اسلام آباد (جنگ نیوز، خبرایجنسی)پاکستان میں کورونا کی نئی قسم آگئی، سربراہ این سی او سی اسد عمر کاکہناہےکہ تمام لوگ ویکسین لگوائیں، زیادہ لوگوں نے ویکسین نہ لگوائی تو کورونا وائرس دوبارہ سر اٹھا سکتا ہے۔تفصیلات کےمطابق کووڈ ٹاسک فورس کے رکن ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کا کیلیفورنیا ویرینٹ بھی آگیا، کورونا سے متاثرہ کئی مریضوں میں کیلیفورنیا کا ویرینٹ پایا گیا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے ایک پیغام میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کی پانچویں لہر سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ویکسی نیشن کے اہداف کامیابی سے حاصل کیے جائیں، زیادہ لوگوں نے ویکسین نہ لگوائی تو کورونا وائرس دوبارہ سر اٹھا سکتا ہے، لوگوں کی بڑی تعداد غیر ویکسین شدہ رہی تو کورونا کا خطرہ رہےگا۔