• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان نے ذاتی طور پر مجھے مُتاثر کیا ہے: سوارا بھاسکر

بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے کہا ہے کہ شاہ رخ خان نے ذاتی طور پر اُنہیں مُتاثر کیا ہے۔

سوارا بھاسکر نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی چوتھی بار درخواستِ ضمانت مسترد ہونے پر سوشل میڈیا پر اداکار کے لیے حمایتی پیغام جاری کیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے پیغام میں سوارا بھاسکر نے کہا کہ ’شاہ رخ خان مہربانی اور مہذب طرزِ عمل کی ایک مثال ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میرے نزدیک وہ دُنیا کے سامنے بہترین انداز میں بھارت کی  خوبیوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔‘

سوارا بھاسکر نے یہ بھی کہا کہ ’شاہ رخ خان، اُن کی زندگی میں ایک مُتاثرکُن شخصیت کی حیثیت رکھتے ہیں۔‘

آخر میں اُنہوں نے شاہ رخ خان اور اہلخانہ کو مشکل وقت میں ہمت اور حوصلے سے کام لینے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ ممبئی کروز شِپ کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر ممبئی ہائی کورٹ میں 26 اکتوبر بروز منگل کو سماعت ہوگی۔

ممبئی کی عدالت کی جانب سے آریان خان کی درخواستِ ضمانت چار بار مسترد کی گئی ہے اور اسی وجہ سے اب اُن کے وکیل نے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کے انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا تھا۔

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کی پہلے تردید کرتے رہے تاہم انہوں نے بعد میں اعتراف جرم کرلیا تھا۔

تازہ ترین