• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت عوام اور IMF کو دھوکا دے رہی ہے: شہباز شریف


قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میری بات سچ ثابت ہوئی، حکومت عوام اور آئی ایم ایف کو دھوکا دے رہی ہے۔

لاہور سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں میاں شہباز شریف نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر آئی ایم ایف کے ساتھ شرائط طے نہیں ہوئیں تو قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا جا رہا ہے؟

انہوں نے سوال کیا کہ حکومت عوام اور پارلیمنٹ سے آئی ایم ایف کی شرائط کیوں چھپا رہی ہے؟ آئی ایم ایف کی شرائط نہیں مانیں تو پھر مہنگائی کیوں ہے؟

صدر مسلم لیگ نون نے کہا کہ مہنگائی میں اضافہ اور سلامتی و قومی اداروں کے بینک اکاؤنٹس سے متعلق شرائط خطرے کی گھنٹی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے معاشی تباہی اور مہنگائی سے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، پاکستان کے عوام کو معیشت اور موجودہ حکومت میں سے کسی ایک کو چننا ہو گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس حکومت کا ایک ایک منٹ پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان دے رہا ہے، مہنگائی کنٹرول کرنے کا اعلان کر کے اشیائے خور و نوش کی قیمتیں مزید بڑھا دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہے اس حکومت کا احساس اور وعدہ؟ یہ کون سے اچھے دن آئے ہیں کہ ہر روز اشیاء کی قیمتیں بڑھتی ہی جا رہی ہیں؟

اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ معاشی تباہی کی آگ پر مہنگائی تیل کا کام کر رہی ہے، حکمرانوں کا ہر دن قومی سلامتی کے لیے خطرات اور خدشات بڑھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناکامی پاکستان کے وجود اور مفادات کے لیے زہرِ قاتل بن چکی ہے، اس پوری حکومت کو مکمل چھٹی دینے کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسائل کی دلدل سے ملک کو نکالنے کے لیے سنجیدہ، قابل اور دیانت دار ٹیم کی ضرورت ہے، ثابت ہو چکا ہے کہ ملک اور قوم کے مسائل کو یہ حکومت حل نہیں کر سکتی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ مزید وقت ضائع کرنا ملک اور قوم کے ساتھ سنگین زیادتی ہے، مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری کی سزا ملک اور قوم بھگت رہی ہے۔

قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو احساس نہیں کہ غریب ہی نہیں سفید پوش طبقہ بھی پس چکا ہے، اس ظالم حکومت سے نجات کے لیے پوری قوم کو گھروں سے باہر نکلنا ہو گا۔

تازہ ترین