• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

67 ویں نیشنل فلم ایوارڈز، رجنی کانت کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں گزشتہ روز 67ویں نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں بھارت کے نائب صدر ایم ونکیا نائیڈو نے فنکاروں کو اعزاز سے نوازا۔ اس دوران کنگنا رناوت، دھنش اور منوج واجپئی سمیت کئی اداکاروں کو نیشنل ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔ رواں سال مارچ میں نیشنل ایوارڈ کا اعلان کیا گیا تھا۔اس تقریب میں بولی وڈ اداکاروں کے ساتھ رجنی کانت بھی شامل ہوئے۔ انھیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ۔ نیشنل فلم ایوارڈ کے فنکشن میں رجنی کانت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ان کے فلمی سفر کی ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں موہن لال، امیتابھ بچن اور اے آر رحمن نے ان کے لیے پیغام دیا ہے۔ رجنی کانت نے اپنا یہ ایوارڈ اپنے گرو کے بالاچندر کے نام وقف کیا ۔کنگنا رناوت کو فلم ’منی کرنیکا‘ اور ’پنگا‘ کے لیے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ کنگنا رناوت کو چوتھی مرتبہ نیشنل فلم ایوارڈسے نوازا گیا ہے۔ بہترین اداکار کا ایوارڈ دھنش اور منوج واجپئی کو دیا گیا ہے۔ دھنش کو ان کی فلم ’اسورن‘ اور منوج واجپئی کو ’بھوسلے‘ کے لیے یہ اعزاز ملا۔ کنگنا، دھنش اور منوج واجپئی کے علاوہ وجے سیتوپتی، پلوی جوشی، ناگا وشال، کرپّو دُرائی اور وویک اگنیہوتری سمیت کئی فنکاروں کو نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔علاوہ ازیں گلوکار بی پرک اور ساونی رویندر کو بھی نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ بی پرک کو اکشے کی فلم ’کیسری‘ کے گانے ’تیری مٹی‘ کے لیے بیسٹ پلے بیک سنگر اور ساونی رویندر کو ’ران پٹیلا‘ گانے کے لیے بیسٹ فیمیل پلے بیک سنگر کیٹگری میں انعام ملا ہے۔

تازہ ترین