• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان جس معاملے میں ہاتھ ڈالتے ہیں تبدیلی نہیں تباہی آتی ہے، بلاول بھٹو

عمران خان جس معاملے میں ہاتھ ڈالتے ہیں تبدیلی نہیں تباہی آتی ہے، بلاول بھٹو


لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 29 اکتوبر کو ضلعی سطح پر مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف مظاہروں کا اعلان کردیا،حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جس معاملے میں ہاتھ ڈالتے ہیں تبدیلی نہیں تباہی آتی ہے۔

عوام کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں،بیروزگاری عروج پر ہے جسکی وجہ سے عام آدمی کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے قبل ازیں کارکنوں سے ملاقاتیں کیں۔ 

پی پی چیئرمین نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ جمعے کو بھرپور مظاہرے کرکے حکومت کیخلاف اپنے جذبات کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد سیاسی پارٹی ہے جو جب بھی اقتدار میں آئی تو اس نے نہ صرف عوام کو روزگار دیا بلکہ ملک کو خوشحالی کی جانب بھی گامزن کیا۔

انہوں نے کارکنوں کی جانب سے والہانہ استقبال کرنے پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ انکے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کئے جائینگے۔ 

یونین کونسل نمبر19 کے صدر عبدالفتاح شیخ نے بلاول بھٹو زرداری کو سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کیا اور یونین کونسل کے مسائل سے آگاہ کیا۔ 

قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری ممتاز قانون دان اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سابق سفیر عبدالرزاق سومرو کی رہائشگاہ پہنچے اور انہوں نے انکی اہلیہ کے انتقال پر عبدالرزاق سومرو اور آصف سومرو ایڈوکیٹ سے اظہار تعزیت کیا۔

اس موقع پر بلاول کے ہمراہ پی پی کے صوبائی صدر نثار کھوڑو، سابق وزیر سہیل انور سیال، رکن قومی اسمبلی خورشید جونیجو اور دیگر پارٹی رہنما بھی تھے۔ 

دریں اثناء پیپلز پارٹی سندھ کے صدرنثار کھوڑو نے کہا کہ 29 اکتوبر کو نماز جمعہ کے بعد سندھ کے تمام اضلاع میں احتجاج کیا جائیگا۔

تازہ ترین