• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ان ہاؤس تبدیلی نہیں شفاف الیکشن مسائل کا حل، خورشید شاہ

کراچی (ٹی وی رپورٹ)رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سید خورشید شاہ نےکہا ہے کہ عمران خان ملک کو نقصان تو پہنچا سکتے ہیں استعفیٰ نہیں دیں گے،مسائل کا حل ان ہاؤس تبدیلی نہیں قبل از وقت انتخابات ہیں صاف اور شفاف الیکشن ہی ملکی مسائل کا حل ہیں،حکومت کو جمہوریت اور اداروں کا احساس نہیں ہے۔موجودہ حالات کے ذمہ دار عمران خان ہیں موجودہ حالات ان کے پیدا کردہ ہیں۔ انہوں نے قوم کو دھوکا دیااور غلط بیانی سے کام لیالوگوں کو آسرا دیا کہ میں آکر آپ کے حالات بہتر کردوں گااور وہ کچھ نہیں کرسکا اس سے برا کردیا۔پہلے این آر او کی باتیں کرتے تھے اور اب کہتے ہیں جو کچھ بھی ہے وہ پچھلی حکومتوں کا ہے ۔حکومت چینی، آٹا، بجلی کی قیمتیں کم نہیں کرسکی بلکہ قیمتیں دوہری ہوگئیں۔ ہم ایک کروڑ نوکریاں اور50لاکھ گھر کا حساب نہیں چاہتے ہم صرف2008ء اور2013والے نرخ اور حالات واپس کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان نے پارلیمنٹ کو بھی وہ اہمیت نہیں دی جو پارلیمنٹ کی ضرورت تھی اور انہیں پارلیمنٹ کے ساتھ جاکر کام کرنا تھااپوزیشن میں بھی پارلیمنٹ پر تنقید کرتے تھے اور آج بھی اسی طرز عمل پر چل رہے ہیں۔انہوں نے آج تک پارلیمنٹ اور پارلیمنٹرین کو عزت کے ساتھ نہیں دیکھااور نہ ہی عزت دی ہے۔ ڈالر کی قیمت مزید بڑھنے کا امکان ہے کہتے تھے ڈالر پر ایک روپیہ بڑھ جائے تو حکمران چور ہیں جو پہلے کہتے تھے وہ سچ تھا یا جو آج کہا جاتا ہے وہ سچ ہے۔عمران خان سے اگر امید رکھتے ہیں کہ وہ جام کمال کی طرح استعفیٰ دیں گے تو عمران استعفیٰ نہیں دیں گے وہ ملک کو نقصان تو پہنچا سکتے ہیں استعفیٰ نہیں دیں گے۔تمام ملکی مسائل عمران خان کے پیدا کردہ ہیں کہتے تھے خود کشی کرلوں گا آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا۔مسائل کا حل ان ہاؤس تبدیلی نہیں قبل از وقت انتخابات ہیں صاف اور شفاف الیکشن ہی ملکی مسائل کا حل ہیں۔قومی حکومت ملکی مسائل کا حل نہیں ہے جو چیزیں ملکی حالات کو بہتر کرسکتی ہیں اس طرف توجہ دینا چاہئے ۔ پاکستان زرعی ملک ہے مگر آج تک ہم نے اس طرف توجہ نہیں دی۔

تازہ ترین