• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانی بیرون ملک پاکستان کے سفیر ہیں، شہباز شریف

راچڈیل(ہارون مرزا)چیف کوآرڈی نیٹر انٹرنیشنل افیئرز اینڈ اوورسیز پاکستانیز بیرسٹر امجد ملک نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف سے لاہور میں خصوصی ملاقات کی، بیرسٹر امجد ملک نے انکی خیریت دریافت کی اور اوورسیزپاکستانیوں کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا،حزب اختلاف کے لیڈر میاں شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے معاشی مشکلات کا شکار ہے، عام آدمی پاکستان کے موجودہ حالات سے سخت تنگ ہیں۔ عمران خان حکومت پاکستان کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ ایسے لوگوں کو آگے لانے کی ضرورت ہے جو عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہوں، انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز بیرون ملک پاکستان کے سفیر ہیں اور مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اپنے ہم و طنوں کی خدمت کی ہے، دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں میاں نواز شریف وہ واحد لیڈر ہیں جنکے پاس ملکی مسائل کے حل کی کنجی موجود ہے، انکے پاس ویژن ‘تجربہ اور ٹیم ہے جو ملک کو ان گمبھیر مسائل سے باہر نکال سکتی ہے اور پاکستان عالمی تنہائی ،بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے چنگل اور اقتصادی ابتری سے نجات حاصل کرسکتا ہے۔ بیرسٹر امجد ملک نے میاں شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا، ملاقات کے موقع پر انکے بیٹے حمزہ ملک بھی ملاقات میں انکے ساتھ موجود تھے۔
تازہ ترین