پشاور(نمائندہ جنگ)پشاور ہائیکورٹ کو بتایا گیا ہے کہ ادویات کیلئے خام مال مقامی سطح پر تیارہونے سے متعلق سمری وزیراعظم کو ارسال کردی گئی ہے جس کی منظوری سے ادویات کی قیمتیں کنٹرول ہوسکیں گی جبکہ چیف جسٹس قیصررشید خان نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ادویات کی قیمتیں جس طرح بڑھیں عدالت کیلئے بھی الارمنگ ہے، ادویات اتنی مہنگی ہوگئی ہیں کہ غریب تو کیا مڈل کلاس کیلئے بھی انہیں خریدمشکل ہوگیا ہے،حکومت کچھ کام خود بھی کرے، حکم دینگے تو یہ کام کرینگے، گزشتہ روز چیف جسٹس قیصررشید خان کی سربراہی میں قائم دورکنی بنچ نے ملک محمد اجمل خان ، سیف اللہ محب کاکاخیل ایڈووکیٹس کی وساطت سے دائر رٹ درخواستوں پر سماعت کی ،اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری ہیلتھ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامرجاوید، اے اے جی سکندرحیات شاہ ودیگر بھی پیش ہوئے۔