• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہادر قوم کی مزید دُعاؤں کے منتظر ہیں: شاہین شاہ آفریدی

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ وہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی شاندار پرفارمنس کے بعد بہادر قوم کی مزید دُعاؤں کے منتظر ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر گزشتہ روز ہونے والے میچ کی چند تصاویر شیئر کی ہیں۔


انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پہلی تصویر میں قومی کرکٹ ٹیم میچ سے قبل ’قومی ترانہ‘ پڑھ رہی ہے جبکہ اگلی تصویر شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ کرتے وقت کی ہے۔

قومی کرکٹر نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’الحمداللّہ! ہمیں ایک اور شاندار فتح مل گئی۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’پوری ٹیم کی طرف سے متاثر کُن کارکردگی اور حارث رؤف کو ان کے پہلے مین آف دی میچ ایوارڈ کے لیے مبارکباد دیتا ہوں۔‘

شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ ’ہم اپنی اس پرفارمنس کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے اور ہم اپنی بہادر قوم سے مزید تعاون اور دعاؤں کے منتظر ہیں۔‘

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے تھے۔

تازہ ترین