• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر نعمان نیاز کا شعیب اختر سے تنازع پر ردعمل

اسپورٹس اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز  نے سابق کرکٹر شعیب اختر سے سرکاری ٹی وی چینل پر ہونے والی  تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کہانی کا ایک رخ ہمیشہ اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔

پی ٹی وی کے اسپورٹس شو ’گیم آن ہے‘ میں منگل کی رات،  پاکستان کے نیوزی لینڈ سے میچ کے بعد ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جس کے بعد شعیب اختر نے پی ٹی وی کے شو سے استعفیٰ دیدیا۔

 اب ڈاکٹر نعمان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ یاد کیوں کروانا پڑ رہا ہے کہ شعیب ایک اسٹار ہے اور ہمیشہ اسٹار رہے گا۔

اسپورٹس اینکر نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی کہا کہ انہوں نے ملک کا نام روشن کیا ہے اور اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی کہا کہ کہانی کا ایک رخ ہمیشہ اپنی طرف متوجہ کرتا ہے بہر حال برسوں سے دوست رہنے کے بعد میں ہمیشہ اُن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کروں گا۔

خیال رہے کہ سرکاری ٹی وی پر جاری ورلڈ کپ کے شو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ پر گفتگو کی جارہی تھی۔ پینل میں ویسٹ انڈین لیجنڈ ویو رچرڈز، ڈیوڈ گاور، عاقب جاوید، راشد لطیف ، عمر گل ، اظہر محمود اور سپر اسٹار شعیب اختر شامل تھے۔

ان تمام اسٹارز کی موجودگی میں شعیب اختر نے میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے حارث رؤف کا ذکر کرتے ہوئے لاہور قلندرز کی تعریف کی اور کہا کہ یہ نوجوان بولر قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیداوار ہے۔

پروگرام کے میزبان پہلے تو یہ کہہ کر حارث کا ذکر گول کرنے لگے کہ شاہین آفریدی انڈر 19 سے آیا، لیکن بعد میں انہوں نے ناشائستہ انداز اپناتے ہوئے شعیب اختر جیسے سپر اسٹار کو لائیو ٹی وی پر شو سے چلے جانے کا کہہ دیا ۔

تازہ ترین