کراچی (اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ نے ریلوے اراضی پر زیر تعمیر کثیر المنزلہ عمارت تجوری ہائٹس کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے اس کیخلاف پاکستان ریلوے کی درخواست پر بلڈر سے عمارت گرانے سے متعلق آج ( جمعہ ) تک جواب طلب کرلیا۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس میں کہاکہ آج (جمعہ) تک بتائیں خود گرائیں گے یا ہم حکم دیں؟ یہ نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے اگر نہیں رکا تو کبھی نہیں رکے گا،آ پ پیسے دے کر ریونیو سے کچھ بھی کراسکتے ہیں، جو بھی اسٹرکچر ہے،ہم اس کو ڈیٹونیٹر سے گرانے کا حکم دیں گے۔
فائنڈنگ دیدیں گے یہ بلڈنگ بھی فارغ ہوگی،یہ زمین آپ کی نہیں کسی کی بھی ہو،یہ طے ہوچکا ہے کہ عمارت غیر قانونی ہے اور دستاویزات میں رد و بدل کیا گیا ہے۔
جمعرات کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل لارجر بنچ نے ریلوے اراضی پر تجوری ہائٹس کے خلاف پاکستان ریلوے کی درخواست کی سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے بلڈر کے وکیل سے کہا کہ آپ کو پاور آف اٹارنی سے ہٹ کر کوئی ترمیم کا حق نہیں تھا۔ تجوری ہائٹس کے وکیل میاں رضا ربانی ایڈووکیٹ کا اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ ہم ملکیت کی منتقلی سے متعلق تمام دستاویزات دکھائیں گے۔
عدالت نے کہا کہ آپ کو ملکیت منتقل ہی نہیں ہوئی، اگر ترمیم کی اجازت ملی بھی تو سروے 190 کی ملی،آپ سروے 188 میں تر میم کا دعویٰ کیسے کرسکتے ہیں؟ ۔ تجوری ہائٹس کے وکیل کاکہناتھا کہ اس زمین کی پہلی سیل ڈیڈ 2011 میں بنی تھی۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ پاور آف اٹارنی تو سروے نمبر 190 کا تھا،آپ ایک پراپرٹی کی جگہ دوسری پراپرٹی کا ایڈریس کیسے لکھ سکتے ہیں؟سروے نمبر 188 میں غیر قانونی منتقلی ہوئی؟ اراضی منتقلی کاجو طریقہ کار اختیار کیا گیا وہ جرم ہے۔
رضا ربانی ایڈووکیٹ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایک اعشاریہ 7 ایکڑ اراضی ضابطہ کے تحت منتقل ہوئی، سروے نمبر 190 میں اراضی نہیں تھی اس لئے سروے 188 سے زمین نکالی گئی۔
عدالت نے کہا کہ آپ کے موکل نے اسٹیمپ ڈیوٹی چوری کی جس پر 10مرتبہ ڈیوٹی کاجرمانہ ہے۔ سروے نمبر سے یہ بات ثابت ہے آپ کے پاس صرف 190 کی سیل ڈیڈ تھی،جب تک 190 کی سیل ڈیڈ منسوخ نہیں ہوتی اس کے بغیر 188 کی الاٹمنٹ نہیں ہوسکتی۔ تجوری ہائٹس کے وکیل کا کہنا تھا کہ زمین سندھ حکومت نے پرانے مالک کو الاٹ کی تھی۔
عدالت نے کہاکہ زمین کسی کی بھی ہو مگر فی الحال آپ کی نہیں ہے۔ تجوری ہائٹس کےو کیل کاکہنا تھا کہ زمین کی ری رجسٹریشن تو ہوسکتی ہے۔آپ کا کیس ری رجسٹریشن کا ہے ہی نہیں، آپ ہمارے سوال کا جواب دیں بس۔