پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک اور فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل جیجی حدید نے بیٹی کی پیدائش کے 13 ماہ بعد راہیں جدا کرلیں۔
زین ملک نے جیجی سے علیحدگی اختیار کرنے کے حوالے سے ایک طویل پوسٹ شیئر کی۔
میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ دونوں کی علیحدگی کی وجہ جیجی کی والدہ سے زین کا مبینہ تنازع بنی ہے۔
زین ملک نے طویل ٹوئٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا کہ ’آپ سب جانتے ہیں کہ میں ایک پرائیویٹ بندہ ہوں اور اپنی نجی زندگی کو عام نہیں کرتا۔‘
علیحدگی کے حوالے سے زین ملک کا کہنا ہے کہ ہمارے نجی معاملات کا دنیا کے سامنے تماشہ بنایا گیا تھا جس کی وجہ سے یہ اقدامات کرنے پڑے ہیں۔
زین ملک نے اپنے پیغام میں اپنی بیٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کے لیے کوئی مشکل کھڑی کرنا نہیں چاہتے اور اسے وہ سب مہیا کریں گے جس کی وہ حقدار ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جیجی حدید اور زین ملک نے منگنی بھی نہیں کی ہے اور ماضی میں ان دونوں کے تعلقات کشیدہ بھی رہے ہیں۔
28 سالہ زین ملک اور 26 سالہ جیجی حدید کے درمیان ابتدائی طور پر 2015 میں تعلقات استوار ہوئے اور دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ متعدد بار دیکھا گیا جب کہ دونوں میڈیا میں ایک دوسرے سے محبت کا بھی کھلم کھلا اظہار کرتے تھے۔
تاہم 2018 میں دونوں کے درمیان نامعلوم وجوہات کی بنا پر اختلافات ہوگئے اور دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی لیکن جنوری 2020 میں ایک بار پھر دونوں کے درمیان تعلقات استوار ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
جنوری 2020 کے بعد جیجی حدید اور زین ملک کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا تھا تاہم انہوں نے اپنے تعلقات بحال ہونے پر کھل کر بات نہیں کی تھی۔
24 ستمبر 2020 کو جوڑے کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام خائی رکھا گیا ہے۔