دین اسلام کی خاطر فیشن اور ماڈلنگ سے کنارہ کشی کا اعلان کرنے والی اور باحجاب سپر ماڈل کا اعزاز رکھنے والی صومالی نژاد امریکی ماڈل 23 سالہ حلیمہ آدن کی امریکی سپر ماڈل جیجی حدید نے بھرپور حمایت کردی۔
جیجی نے ایک انسٹاگرام اسٹوری میں ماڈل ماڈل حلیمہ آدن کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی سفر میں ’خودی‘ کو پانا انتہائی اہم ہئ، جبکہ ساتھ انہوں نے حلیمہ آدن کی نجی وجوہات پر بنا خوف و خطر شوبز چھوڑنے کے فیصلے کی تعریف کی۔
انہوں نے لکھا ’ہر ایک کو ابھی حلیمہ آدن کی انسٹاگرا اسٹوری کا جائزہ لینا چاہئے، ایک حجابی اور بغیر حجاب دونوں طرح کے لوگوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ ’خودی‘ تک پہنچیں۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’اس راستے پر چلنے کے بعد جو اپے لیے حقیقی محسوس ہو اسے چُن لیں، شکرگزار ہونے کا اس سے بہتر کوئی راستہ نہیں ہے۔‘
اپنے پیغام کے آخر میں جیجی حدید نے لکھا کہ ’میری پیاری بہن حلیمہ، میں جس دن آپ سے ملی ہوں اُس دن سے ہی آپ سے بے انتہا متاثر ہوئی ہوں، مستقبل میں بھی مجھے اسی طرح فخر محسوس کرواتی رہیں۔‘
خیال رہے کہ حلیمہ آدن حجاب کے ساتھ ماڈلنگ کرنے والی دنیا کی چند نامور ماڈلز میں سے ایک ہیں، اپریل 2019 میں معروف فیشن میگزین ووگ کے عربی زبان کے شمارے نے انہیں دیگر دو باحجاب ماڈلز کے ساتھ سر ورق کی زینت بنایا تھا۔
علاوہ ازیں حلیمہ آدن اپریل 2019میں ہی معروف امریکی اسپورٹس میگزین ’اسپورٹس الیوسٹر‘ کے سرورق کی زینت بننے والی پہلی باحجاب ماڈل بنی تھیں۔
حلیمہ آدن نے ہمیشہ اپنے دینی عقائد کے مطابق تنگ یا مختصر لباس پہننے کے بجائے مکمل لباس پہنا اور وہ ہر فیشن شو میں حجاب کے ساتھ دکھائی دیں۔
فیشن اور ماڈلنگ کی نیم عریاں اور شوبز کی چمک دھمک میں چند سال گزارنے کے بعد دو دن قبل ہی حلیمہ آدن نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں رنگا رنگ اور مصنوعی دنیا کو خیرباد کہہ کر دین اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کیا ہے۔
حلیمہ آدن نے اپنی ٹوئٹس میں بتایا کہ انہیں جاگنے میں دیر لگی، تاہم اب وہ جاگ چکی ہیں اور انہوں نے ایمان سے بھرپور اصل حلیمہ آدن کو تلاش کرلیا۔
انہوں نے ماضی میں فیشن و ماڈلنگ کرنے پر لوگوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ اب دل کے سکون کی خاطر اور زندگی کے اصل مقصد کے لیے دین اسلام کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزاریں گی۔