بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیات کیس میں بمبئی ہائی کورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد اداکار سلمان خان ، اکشے کمار اور سنیل شیٹی نے فون کرکے شاہ رخ خان کو مبارکباد دی ہے ۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ،شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان کے دوست اس مشکل وقت میں ان کی مدد کے لیےمسلسل ان سے فون پر رابطے میں ہیں ۔
گزشتہ شام بھی جیسے ہی آریان خان کو ضمانت ملنے کی خبر میڈیا پر نشر ہوئی تو شاہ رخ خان کو ان کے انڈسٹری کے بہت سے دوستوں کی جانب سے فون کالز پر مبارکبادیں موصول ہونا شروع ہوگئیں ۔
شاہ رخ خان کے خاندان کے ایک قریبی دوست نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ شاہ رخ خان کو ان کے بیٹے کی رہائی پر مبارکباد دینے کے لیے اداکار سلمان خان، سنیل شیٹی، اور اکشے کمار کی فون کالز موصول ہوئی ہیں ۔
انہوں نےبتایا کہ گوری خان کو جیسے ہی آریان خان کی رہائی کی خبر ملی وہ تو وہ خوشی سے رونا شروع ہوگئیں ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان نے امریکا اور برطانیہ میں اپنے بھائی آریان خان کے دوستوں سے بھی بات کی اور گذشتہ چند ہفتوں کے دوران اپنے خاندان کے مشکل وقت میں حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔