• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کن شہروں میں 60 فیصد آبادی نے کورونا ویکسین لگوا لی؟

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بتا دیا کہ کن شہروں میں 60 فیصد آبادی نے کورونا وائرس کی ویکسین لگوا لی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے بہتر کارکردگی والے شہروں میں معاملاتِ زندگی بتدریج معمول پر لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرِ صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں کورونا وائرس کی وباء اور شہروں میں ویکسی نیشن کی صورتِ حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

این سی او سی کے اجلاس میں اسلام آباد، منڈی بہاء الدین، گلگت، میر پور سمیت کئی شہروں میں 60 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین لگا لینے پر بہترین شہر قرار دیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 40 سے 60 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین لگا کر راولپنڈی، جہلم، پشاور، غذر اور کھرمنگ ویکسین شدہ شہر قرار پائے ہیں۔

این سی او سی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ 40 سے 60 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین لگا کر اسکردو، ہنزہ، باغ اور بھمبر ویکسین شدہ شہر قرار دیئے گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے دیگر شہروں میں 40 فیصد آبادی کی کم کورونا ویکسی نیشن ہونے کے باعث وہاں ویکسین کی شرح کم قرار دی گئی ہے۔

اجلاس میں بہترین ویکسین شدہ شہروں میں اجتماعات اور شادی بیاہ پر نافذ پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں بہترین ویکسین شدہ شہروں میں اسپورٹس گراؤنڈز، تجارت، کاروبار اور اِن ڈور ڈائننگ سے بھی پابندیاں اٹھا لی گئی ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے بہترین ویکسین شدہ شہروں میں سنیما، جم خانہ، تفریحی شعبے، مذہبی مقامات، مزارات، ٹرانسپورٹ سے بھی پابندیاں اٹھا لی گئی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں طے پایا کہ کم ویکسین شدہ شہروں میں اجتماعات، شادی بیاہ اور اسپورٹس گراؤنڈز میں پابندیاں 15 نومبر تک رہیں گی۔

این سی او سی نے طے کیا کہ کم ویکسین شدہ شہروں میں تجارت، کاروبار، اِن ڈور ڈائننگ، سنیما، جم، مزارات اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بھی 15 نومبر تک پابندیاں رہیں گی۔

این سی او سی کی جانب سے کم ویکسین شدہ شہروں میں عوامی اجتماعات بالترتیب 500 اور 300 افراد تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں تمام سہولتوں کا تسلسل مکمل ویکسین لگوانے اور ماسک کے لازمی استعمال سے مشروط ہے۔

فیصلہ کیا گیا کہ این سی او سی 12 نومبر کو اجلاس میں فیصلوں پر نظرِ ثانی کرے گا، اس ضمن میں تمام صوبوں کو تفصیلی ہدایات بھیج دی گئی ہیں۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کورونا وائرس کی وباء کا مستقل جائزہ لیتا رہے گا اور ضرورت پڑنے پر مطلوبہ پابندیوں کے نفاذ کے بارے میں احکامات جاری کرے گا۔

تازہ ترین