ڈیرہ غازی خان (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں، مانیٹرنگ سیل) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی اور غربت نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، کون کہتا تھا ڈالر مہنگا ہو تو وزیراعظم چور ہوتا ہے؟ تبدیلی سرکار نے بیڑہ غرق کر دیا ہے۔
عمران نیازی کا وقت ختم ہوچکا ہے،عوام گھروں سے نکلیں، جبکہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہاگر ووٹ چوری کرکے ملک پرناجائز حکمران ہونگے تو بغاوت ہوگی،نا اہل حکمرانوں نے ملک کا دیوالیہ کردیا ہے، ملک کا نظام نیب کے ذریعے چلایا جارہاہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ووٹ چوری ہوگا تو بغاوت بھی ہوگی،عمران خان تمہیں کشمیر بیچنے، سی پیک ناکام بنانے کیلئے لایا گیا،تم نے ایجنڈا پورا کردیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ غازی خان میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سےخطاب کر تے ہوئے کیا۔
جلسے سےجے یو آئی کے مولانا عبدالغفور حیدری، مریم اورنگزیب، جمعیت علما ئے پاکستان کے رہنما مولانا انس اویس نورانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام مایوس نہ ہوں یہ سیاہ رات ختم ہونے والی ہے، عوام ہمارا ساتھ دیں ہم ملکر اس مہنگائی اور حکومت کو مار بھگائیں گے، اگر اﷲ تعالیٰ نے چاہا تو بہت جلد خوشحالی کا وقت لوٹ آئیگا۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج یوریا کی قیمت ہمارے دور سے دگنی ہے،آج کھاد کی قیمت 2400 روپے ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ عمران خان آپ کا وقت پورا ہو چکا ہے سوا تین سال میں آپ نے ملک کا برا حال کر دیا ہے۔
عمران خان کہتا تھا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے گرجائے تو حکومت اور وزیراعظم چور ہوتا ہے کون کہتا تھا کہ جب اسپتالوں میں دوا نہ ملے اور مہنگائی ہو جائے تو حکومت اور وزیراعظم چور ہوتا ہے۔یہ شخص یہ باتیں کنٹینر پر کھڑے ہو کر کہتا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ عام آدمی کی زندگی حکومت نے اجیرن کر دی ہے مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی ہے عمران خان نے 15 ہزار ارب کے قرضے لیے اس نے کونسا کام کیا ہے نواز شریف کے دور میں چینی 50روپے تھی اور آج 120روپے کلو ہے، آٹا 35 روپے سے 85 روپے فی کلو ہو گیا ہے۔
اگر عمران خان رہا تو جلد چینی 420 روپے ہو گی۔دوائیاں چار گنا مہنگی ہوگئیں بجلی اور گیس کے بل عوام پر بم بن کر گر رہے ہیں آج عوام دوہائیاں دے رہی ہے کہ یہ وہ پاکستان نہیں جو قائد اعظم نے بنایا تھا ہر روز پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اس عمران خان نے لوگوں کی جیبوں کوخالی کر دیا ہے میں آج آپ کو بتانے آیا ہوںیہ سیاہ رات ختم ہونے والی ہے اب آپ اٹھو اور مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں باہر نکلو ۔
اگر اﷲ تعالیٰ کو منظور ہوا تو ہم ملکر اس مہنگائی اور ظالم حکومت کےخلاف نکلیں گے اور اس ظالم حکومت کو مار بھگائیں گے۔ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے کہا ہم آپ کو پاکستان کیلئے ناسور سمجھتے ہیں، نیب ہو یا کوئی اور بلا ہو ہم عوام کے اندر آپ کا مقابلہ کرینگے، پاناما لیکس میں بہت سے نام تھے ، صرف نوازشریف کا حساب کیوں لیا گیا ؟
پنڈورا باکس پر کیوں خاموش ہیں ؟، اسطرح کے احتساب نہیں چلیں گے ، تمہیں سی پیک کو ناکام بنانے کا ایجنڈا دیا گیا،عمران خان تمہیں اس ایجنڈے تحت لایاگیاتھا کہ تم نےکشمیر کوبیچنا ہے،تم نےبیچ دیا، دونوں کام کردیئے،امریکا کو تم سب کچھ دے چکے ہو،پاکستان کے ساتھ کوئی کاروبار کرنے کو تیار نہیں ،پورا ایشیا معاشی لحاظ سے ترقی کررہا ہے۔
آج افغانستان اس پوزیشن میں نہیں وہ پاکستان کے ساتھ کاروبار کرسکے،قوم کو بے بس بنایا گیا ہے،پی ڈی ایم عام آدمی کے ساتھ کھڑی ہے،یہ تحریک جاری رہے گی، ہر گلی محلے میں آواز پہنچائیں گے، پاکستان کے حالات کو ٹھیک کرنا ہم سب کیلئے چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی تب مضبوط ہوگی جب ملکی معیشت مضبوط ہوگی،نیب ایک آمر کا دیا ہوا فلسفہ ہے،میری جنگ یہ ہے اگر حکومت ہوگی تو آپ کے ووٹ کی بنیاد پر ہوگی۔
25 جولائی پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا،اگر ووٹ چوری کرکے ملک پرناجائز حکمران ہوں گے تو بغاوت ہوگی،نواز شریف کےدورمیں ترقی کاتخمینہ ساڑھے5فیصدتھا،یہ صفرپرلےآئے،آج پاکستان کی سالانہ ترقی کا تخمینہ صفر رہ گیا ہے، نا اہل حکمرانوں نے ملک کا دیوالیہ کردیا ہے۔
جلسے سے سابق سینٹر چیف لغار ی سردار جمال خان لغار ی،مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ،مسلم لیگ (ن) پنجاب کے جنرل سیکرٹری سردار اویس احمد خان لغاری، سینٹر طلحہ محمود سمیت دیگر نے خطاب کیا۔