• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد، لاڑکانہ، اوکاڑہ اور دیگر شہروں میں PDM اور PP کے مہنگائی کے خلاف مظاہرے، احتجاج، ریلیاں، حکومت مخالف نعرے

حیدرآباد، جیکب آباد، لاڑکانہ، اوکاڑہ (نمائندہ جنگ،ایجنسیاں) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)، پیپلزپارٹی اور دیگرجماعتوں کی جانب اتوار کے روز حیدرآباد، لاڑکانہ، جیکب آباد، ٹھٹھہ، اوکاڑہ اور دیر سمیت ملک کے کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالیں گئیں۔ 

مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرزاور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نااہل حکومت نامنظور اور حکومت کیخلاف نعرے درج تھے۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ مہنگائی سےعوام فاقہ کشی پر مجبور ہیں ، حکمرانوں کو گھر بھیج کر دم لینگے۔ 

ٹھٹھہ میں عوامی تحریک نے مہنگائی کے خلاف ریلی نکالی، جس میں خواتین اور بچے شریک ہوئے۔ ادھر لوئر دیر پیپلز پارٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی جبکہ ملتان کے کچہری چوک پر پی پی نے احتجاج کیا۔ ٹیکسلا میں بھی پیپلز پارٹی نے مہنگائی پر حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ 

جیکب آباد میں پی ڈی ایم کی جانب سے معاشی بد حالی اور بدامنی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاج میں جے یو آئی، مسلم لیگ ن، بی این پی مینگل، پختون خواہ نیپ، نیشنل پارٹی ، جے یو پی کے کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 

مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرزاور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نااہل حکومت نامنظور کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے مختلف راستوں پر نعرے لگاتے ہوئے شہر کے اہم ڈی سی چوک پر چاروں طرف سے روڈ بلاک کرکے دھرنا دیا اور حکومت کیخلاف نعرے لگائے۔

بعد ازاں مظاہرین پریس کے سامنے دھرنا دیکر دو گھنٹے روڈ بلاک کرکے ٹریفک معطل کردی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ آنے والے وقت میں معیشت کا مزید بحرانوں کا سامنا ہونا حکمرانوں کے منہ پر تمانچہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ نااہل حکومت نے مہنگائی کرکے عوام کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام ضلع اوکاڑہ کے زیر اہتمام جامعہ مدنیہ جی ٹی روڈ سے مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی،جس میں حکومت کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔

مقررین نے کہا کہ مہنگائی جس عروج تک پہنچ چکی ہے تاریخ میں اسکی مثال نہیں ملتی غریب عوام فاقہ کشی پر مجبور ہیں لیکن ظالم حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی نا اہل حکمرانوں کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔چونیاں میں مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف ریلی کی قیادت ایم این اے رانا محمد اسحاق خاں نے کی۔

ریلی میں مک گیا تیرا شو نیازی گونیازی گوکے نعرے گونجتے رہے ،شرکاء نے حکومت مخالف احتجاجی کتبے اٹھارکھے تھے جبکہ ن لیگ کےجیالوں سمیت خواتین کی کثیر تعداد بھی شریک تھی۔

رانا محمد اسحاق خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومتی نااہلی کے سبب ملک اس وقت شدید مشکلات سے دوچار ہے مختلف جماعتیں عوام کو نااہل حکومت سے چھٹکارا دلانے کیلئے سڑکوں پرنکلی ہے۔

تازہ ترین