• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز خٹک کے بھتیجے احد خٹک نے پی ٹی آئی سے اپنی راہیں جدا کرلیں، پی پی میں شمولیت کا اعلان

پشاور(نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھتیجے اور تحریک انصاف کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی لیاقت خٹک کے صاحبزادے احد خٹک نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرکے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، احد خٹک نے کہا کہ والد کے ہمراہ سونامی، انقلاب کیلئےجدو جہد کی،120دھر نے میں گزار ے لیکن وزیر اعظم کی کارکردگی نے مایوس کیا، پرویز خٹک سے لینا دینا نہیں،بلاول بھٹوزرداری 19 نومبر کو مانکی شریف نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جبکہ احد خٹک نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے والد کے ہمراہ عمران خان کی سونامی اور انقلاب کیلئے طویل جدو جہد کی لیکن عمران خان اوران کی حکومت نے انہیں بہت مایوس کیا،پرویز خٹک سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ،ان سے ہماری خاندانی صلح ہوئی ہے سیاسی نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نیئر بخاری،فیصل کریم کنڈی، صوبائی صدر نجم الدین خان ،امجد آفریدی اور لیاقت شباب سمیت رہنما اور کارکن کثیر تعداد میں موجود تھے، نیئر بخآری نے کہا کہ چئیرمین بلاول بھٹوزرداری سمیت تمام نوجوان قیادت اب ملک کو چلانے جارہی ہے، کنٹونمنٹ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے نمایاں کامیابی حاصل کی،ذوالفقار علی بھٹو نے اس وقت پارٹی بنائی جب ملک کی عوام جبر کے ماحول میں تھے،آج ملک میں ایک بار پھر جبر کا ماحول ہے ، انہوں نے کہا کہ ملک کے وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ پاکستان سب سے زیادہ سستا ملک ہے ،وزیر خزانہ جیب سے بل دے تو انہیں پتا چلے کہ مہنگائی کہاں ہے ، نیئربخاری نے کہا کہ عمران خان کہا کرتے تھے کہ ملک میں چینی، آٹا، پٹرول سمیت دیگر کی قیمتیں بڑھیں تو وزیراعظم چور ہوتا ہے ،چار سال قبل کی جانے والی عمران کی تمام باتیں آج عوام کے سامنے ہیں، پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعاتفیصل کریم کنڈی نے کہا کہحکومت کا ٹی ایل پی کے ساتھ کیا معاہدہ ہوا عوام سمیت ہم سب کو بتایا جائے،حکومتی مشیروں نے معاملہ خراب کیا تو علماء کی مدد لی گئ ،19 نومبر کو چئیرمین بلاول بھٹو مانکی شریف نوشہرہ آرہے ہیں، اس موقع پر احد خٹک نے اپنے خاندان اور ساتھیوں کے ہمراہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا اور کہا کہ انہوں نےپیپلز پارٹی کی طرف سے ملنے والی دعوت پر شمولیت اختیار کی،جس پر وہ آصف علی زرداری سمیت تمام قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہیں، احد خٹک نے کہاکہ وہ پی ٹی آئی کے دھرنے میں والد کے ہمراہ 120 دن موجود رہے لیکن پی ٹی آئی نے جو وعدے کئے وہ سب جھوٹے نکلے ،انہوں نے کہا کہ نوشہرہ میں انتقامی سیاست ہورہی ہے ،چچا پرویز خٹک کے ساتھ میرا کوئی لینا دینا نہیں ہے،ہماری سیاسی نہیں خاندانی صلح ہوئی تھی۔

تازہ ترین