• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالات گو نیازی گو سے نہیں بدلیں گے، گو زرداری گو بھی کہنا پڑے گا، مصطفیٰ کمال

پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ موجودہ حالات گو نیازی گو کے نعرے سے نہیں بدلیں گے، گو زرداری گو بھی کہنا پڑے گا۔ 

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ 

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے حکومت چلانے کے لیے کراچی کو گروی رکھ دیا، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم اتنے کرپٹ ہیں کہ پیپلز پارٹی کے ظلم کو نہیں روک سکتے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ وفاق میں عمران خان کی حکومت چلانے کے لیے کراچی والے تاوان دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کو روزگار نہیں دیا، ٹرانسپورٹ نہیں دیا، پیپلز پارٹی کراچی کا کچرا نہیں اٹھا رہی، اسپتال نہیں بنا رہی۔ 

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ آصف علی زرداری بھی شریک جرم بن گئے ہیں۔

انہوں نے کراچی میں پانی مافیا کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی پانی کی لائنوں پر ہائیڈرنٹ بناکر پانی چوری کرنے والوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ 

صحت کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کو کے آئی ایچ ڈی کو دیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں لوکل گورنمنٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ چلاتی ہے، یہ بھی کہا کہ یہ کراچی کے اداروں میں من پسند افراد کو بھرتی کریں گے۔

ساتھ میں انہوں نے نعرہ لگایا کہ حالات گو نیازی گو سے نہیں بدلیں گے، گو زرداری گو بھی کہنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم، پی ٹی آئی کی جیت پیپلز پارٹی کے لیے لاٹری کے برابر ہے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت کو آواز لگارہا ہوں کوئی شنوائی نہیں ہو رہی، کراچی کی خاموشی کو مجبوری نہ سمجھو۔

تازہ ترین