• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کا فراڈ آج مکمل بے نقاب ہوگیا، احسن اقبال


مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کا فراڈ آج مکمل طور پر بے نقاب ہوگیا ہے۔

کراچی کے علاقے ماڑی روڈ پر ضلعی و مقامی قیادت کی تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے والوں نے ملک کا بیڑا غرق کردیا۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں کو چور کہنے والا عمران خان سب سے بڑا چور ہے، آج عمران خان کا فراڈ مکمل بے نقاب ہوگیا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک ایک کرکے ادارے تباہ کردیے، نئے نیب آرڈیننس کے اجرا کا مقصد اپنے وزرا اور خود کو بچانا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے عوام کو زندہ درگور کردیا، ہمارے دور حکومت میں چینی 53 روپے، آٹا 37 روپے اور بجلی کا یونٹ 11روپے میں میسر تھا۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ نالائق اور نا اہل حکمران دھاندلی سے لاکر ہمارے اوپر بٹھا دیے گئے، قوم جان چکی ہے کہ یہ صرف جھوٹ بول سکتے ہیں، یوٹرن لے سکتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو سپریم کورٹ نے بحال کیا، اس حکومت نے عدالتوں کو بے وقعت کردیا، اس حکومت نے 6 مہینے تک سپریم کورٹ کے فیصلے کو ردی کی ٹوکری میں ڈالا۔

احسن اقبال نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری سے پاکستان کو صنعتوں کی جنت بننا تھا، اس حکومت نےصنعتیں کیا لگانی تھی، پہلے کی صنعتوں کو بھی تباہ کردیا، انہوں نے ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا، نوجوان بےروزگار ہوچکے ہیں۔

اُنہوں نے سوال کیا کہ یہ ہمیں چور اور ڈاکو کہتے تھے، 54 روپےکلوچینی دینےوالی حکومت چور ہے یا 125 روپےکلوچینی دینےوالےحکومت؟

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اس نے حکومت ادارے ختم کردیے، پارلیمنٹ بےتوقیر کردی، اس حکومت میں نیا پاکستان نہیں ہمیں ڈراؤنا پاکستان نظر آتا ہے، جو ہم کو چور اور ڈاکو کہتے ہیں وہ اپنا محاسبہ کریں۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم نے کبھی عمران نیازی سے این ار او نہیں مانگا، ہم مانگنے والوں پر لعنت بھیجتے ہیں، انہوں نے خود کو اپنے لوگوں کو این آر او دے دیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ خورشید شاہ سینئر سیاست دان ہیں، ان کی جمہوریت کے لئے قربانیاں ہیں، ہمیں خوشی ہے پی پی رہنما کو رہائی ملی، ہم ان کی خوشی میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہی وہ جماعت ہے جو ملک کو ترقی کے راستے پر ڈال سکتی ہے، کراچی قتل و غارت میں ڈوبا ہوا تھا، جب ملک کی باگ دوڑ نواز شریف نے سنبھالی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ کراچی میں گرین بس سروس مسلم لیگ ن کا تحفہ ہے، سکھر سے ملتان موٹروے بناکر سندھ کا رابطہ بین الاقوامی انفرااسٹرکچر کے ساتھ جوڑا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ کراچی سے حیدرآباد موٹر ویز کو بنانے کا مقصد ان شہروں کو جڑواں شہر بنانا تھا، مسلم لیگ کی حکومت کو نہ ہٹایا جاتا تو حیدرآباد سکھر موٹروے بھی مکمل ہوجاتا۔

احسن اقبال نے کہا کہ حالات کیسے بھی ہوں، ملک کو ترقی کی جانب لے جایا جاسکتا ہے، ہم نے 18 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کو نئے پاور پروجیکٹ لگا کرختم کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے پاس کراچی اور سندھ سے قابل ذکر سیٹیں نہیں تھیں، اس کے باوجود نواز شریف نے بلاتفریق کراچی و سندھ کے عوام کے لیے کام کیا، پاکستان میں جہاں بھی ترقی کا کوئی منصوبہ نظر آئے گا تو وہ مسلم لیگ ن کا ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف نے کراچی کے عوامی پروجیکٹ کے لئے25 ارب روپے دیے، نالائق حکومت نے دس فیصد کام نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا کہ کراچی میں قتل و غارت گری کا بازار گرم تھا، ماضی میں یہاں بوری بند لاشیں تھیں، نواز شریف نے آپریشن کرکے کراچی کی عوام کو سکون دیا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف نے کراچی کی روشنیوں اور کاروبار کو بحال کیا، ن لیگی قائد نے بلاتفریق کراچی اور سندھ کےعوام کے لئےکام کیا۔

تازہ ترین