• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پتا نہیں ملک کو کس جگہ پہنچا دیا، اب گٹر بھی نہیں بناسکتے، چیف جسٹس

پتا نہیں ملک کو کس جگہ پہنچا دیا، اب گٹر بھی نہیں بناسکتے، چیف جسٹس


اسلام آباد(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) عدالت عظمیٰ نے’فیصل آباد میں تجاوزات،سرکاری املاک پر قبضوں اور ماسٹر پلان کی خلاف ورزیوں‘‘سے متعلق کیس کی سماعت کےدوران کمشنرفیصل آبادکو شہر کا ماسٹر پلان اور تجاوزات کے خلاف کاروائیوں کی جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کردی ہے جبکہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے)کوقومی شاہراہوں سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ 

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پتا نہیں ملک کو کس جگہ پہنچا دیا، اب گٹر بھی نہیں بنا سکتے۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے منگل کے روز کیس کی سماعت کی تو کمشنر فیصل آبادنے موقف اپنایا کہ دو ماہ قبل ہی فیصل آبادڈویژن میں ان کی پوسٹنگ ہوئی ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا ہے کہ مجھے تھوڑا وقت دیدیں، جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ تجاوزات کے حوالے سے آپ نے کیا کام کیاہے ؟ 

آپ تو ماسٹر پلان تک نہیں جمع کرا سکے ہیں، آپ نے دس تصویریں بھیج دی ہیں، ساری زندگی آپ ٹائم ہی لیتے رہے ہیں، آپ نقشہ تک تو بنا نہیں سکے، چار سال سے آپ ماسٹر پلان تک نہیں دے سکے ہیں، آپ سے کیا امید کی جا سکتی ہے، اب تو گوگل سے ایک منٹ میں سب مل جاتا ہے، ڈرون تصاویر سے ایک ایک مکان کا پتہ چل جاتا ہے۔

تازہ ترین