پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ بھارت کتنی بھی کوشش کرلے سیمی فائنل میں نہیں پہنچ پائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گزشتہ روز ہونے والے بھارت اور افغانستان کے درمیان سپر 12 میں گروپ 2 کے میچ کو سوشل میڈیا صارفین نے ’فکس‘ قرار دے دیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں ابوظبی میں افغانستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ میں کچھ اس طرح کے واقعات رونما ہوئے جنہوں نے صارفین کو میچ کو فکس قرار دینے پر مجبور کردیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھارت کی اس حرکت پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا اور بھارتی ٹیم پر تنقید کے تیر بھی برسائے گئے۔
ایسے میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی سوشل میڈیا پر ڈھکے چُھپے الفاظ میں بھارت کے لیے پیغام جاری کیا ہے۔
فیصل جاوید خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’کھیل کی روح کو خراب کیا گیا جبکہ یہ پہلی بار نہیں ہوا ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’وہ کچھ بھی کرلیں، اُن کی بددیانتی کام نہیں کرے گی اور نہ ہی وہ اگلے مرحلے تک نہیں پہنچ پائیں گے۔‘
فیصل جاوید خان نے مزید کہا کہ ’یہ رویہ کھیلوں کو مردہ اور تباہ کر دیتا ہے۔‘
خیال رہے کہ گروپ ٹو کے سپر 12 مرحلے میں بھارت نے افغانستان کو 66 رنز سے شکست دی، بھارت کے 210 رنز کے جواب میں افغان ٹیم صرف 144 رنز بنا سکی۔