چینی کی قیمت نے اونچی اڑان بھری ہے، اس کی ایکس ملز قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جس کی وجہ سے ملک میں چینی 150 روپے فی کلو تک میں بھی فروخت ہونے لگی۔
پشاور کی ہول سیل مارکیٹ میں فی کلو گرام چینی کی قیمت میں 8 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد صدر شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہول سیل میں چینی 140 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ اس کی ریٹیل قیمت 145 سے 150 روپے فی کلو تک ہو گئی ہے۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ہول سیل میں چینی کی قیمت 138 روپے کلو ہو گئی۔
کراچی میں چینی کی ایکس ملز قیمت گزشتہ شب تک 130 روپے کلو تھی جو اب 136 روپے کلو ہو گئی ہے۔
شہرِ قائد میں گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران چینی کی ایکس ملز قیمت 38 روپے فی کلو بڑھ چکی ہے، جبکہ ایکس ملز قیمت میں اضافے کے ساتھ ہول سیلز میں چینی کی قیمت 138 روپے کلو ہو گئی۔
کراچی میں ریٹیل سطح پر چینی کی قیمت کا اضافہ نئی خریداری پر منتقل ہو گا، حالانکہ ریٹیل سطح پر چینی کی فروخت 130 روپے فی کلو ہے۔
ادھر لاہور کی تھوک مارکیٹ میں چینی 9 روپے فی کلو مہنگی ہو گئی۔
لاہور کے مارکیٹ ذرائع کے مطابق تھوک مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 9 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، لاہور کی اکبری منڈی میں چینی کی فی کلو قیمت 135 روپے ہو گئی۔
مارکیٹ ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور میں پرچون میں چینی 140 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی ہے، گزشتہ روز تھوک مارکیٹ میں چینی کی قیمت 126 روپے فی کلو تھی۔
مارکیٹ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ چینی کے ڈیلرز نے ناجائز منافع کمانے کے لیے مصنوعی قلت پیدا کی ہے۔
بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں چینی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا مزید اضافہ ہوا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں چینی کی قیمت 124 سے بڑھ کر 129 روپے فی کلو ہو گئی ہے، یہاں گزشتہ روز چینی کی فی کلو قیمت میں 11 روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا تھا۔
مارکیٹ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ 2 روز قبل کوئٹہ میں چینی 113 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی تھی۔
جنوبی پنجاب کے شہر ملتان کی غلہ منڈی میں چینی کی فی کلو قیمت میں 15 روپے اضافہ ہونے کے بعد فی کلو چینی کی قیمت 125 روپے ہو گئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ملتان میں 100 کلو چینی کی بوری 8800 روپے کی ہو گئی ہے۔
سندھ کے شہر میر پور خاص کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 132 روپے کلو ہو گئی ہے۔